26/09/2026
بلتستان یونیورسٹی اور ورلڈ پیس موومنٹ کے اِشتراک سے ”قوم و ملت کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار“ کے موضوع پر سیمینار
سکردو (مورخہ 25 ستمبر 2026ء) بلتستان یونیورسٹی سکردو اور ورلڈ پیس موومنٹ کے باہمی اِشتراک سے سلسلہ وار لیکچرز کا چوتھا سیشن منعقد ہوا۔ سیشن کا موضوع ”قوم و ملت کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار“ تھا۔ سیشن کے آغاز میں وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی سکردو پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر کے خصوصی پیغام کو پیش کیا گیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں نوجوانوں کی مثبت صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے، ان کی کردار سازی پر توجہ دینے اور قوم کی تعمیر و ترقی میں ان کے فعال کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پرمعروف سماجی ورکر یحییٰ جعفری نےامن کی وضاحت کرتے ہوئے زور دیا کہ قوم کی تعمیر تبھی ممکن ہے جب ہمارے تمام ادارے اپنا عمومی کردار احسن طریقے سے ادا کریں۔ دوسرے مقرر کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے شہریار احمد نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور اگر ان کی صحیح سمت میں رہنمائی کی جائے تو وہ ملک و ملت کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو اپنے اندر قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے اور معاشرتی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ترغیب دی۔ سیشن کے آخر میں کلیدی مقرر کی حیثیت سے یوکے اکیڈمی آف اسلامک سائنسز کے پرنسپل اور ورلڈ پیس موومنٹ کے بانی شیخ احمد دباغؔ نے اپنے خطبے میں نوجوانوں کی اخلاقی، معنوی اور عملی تربیت پر زور دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ محض تقاریر اور لیکچرز سے معاشرتی تبدیلی ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے عملی مشق اور پائیدار تربیت کی اشد ضرورت ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے جبلِ احد کی مثال دی کہ ایک پہاڑ ہونے کے باوجود اس نے نامِ محمدؐ کی محبت کو اپنے وجود میں سمو لیا، لہٰذا انسان کو جو کہ اشرف المخلوقات ہے، محض سنے سنائے پر اکتفا کرنے کے بجائے اپنی فکر، اخلاق اور زندگی کو اسوہ رسولؐ کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔ سیشن میں کمپیئرنگ کے فرائض لیکچرر آفتاب حسین نے انجام دیئے جبکہ انتظامات کی زمہ داری ڈاکٹر محمد ریاض سٹوڈنٹ ایڈوائزر اور محمد نسیم ڈپٹی ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیرز نے نبھائی۔