12/09/2025
چھوربٹ تھونگموس میں سالانہ انعامی تقسیم کی پر وقار تقریب
چھوربٹ تھونگموس میں بروز پیر، 8 ستمبر کو زیرِ انتظام تھونگموس اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (TSO) سالانہ انعامی تقسیم کی شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جو طالبہ عائشہ نے پیش کی۔ بعد ازاں طالبہ شابانہ نے حمد اور طالب علم طیب رسول نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ استقبالیہ خطاب ابراہیم خلیل نے کیا جبکہ طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، ڈرامہ اور ٹیبلو پیش کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ کمال کاظم نے ولولہ انگیز تقریر بھی کی۔
اس سال گاؤں کی تین نمایاں کامیابیاں خصوصی طور پر اجاگر کی گئیں:
صالحہ رشید دختر مرحوم عبدالرشید نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا امتحان کامیابی سے پاس کر کے بی پی ایس-16 کی پوسٹ حاصل کی، جو خصوصاً خواتین کی تعلیم و ترقی کے لیے سنگِ میل ہے۔
اکبر علی ولد داؤد علی نے کیڈٹ کالج سرگودھا کے نویں جماعت کے امتحان میں 523/545 نمبر (96%) لے کر نمایاں پوزیشن حاصل کی۔
محمد علی صاحب کو اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کی جانب سے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ اور سرٹیفیکیٹ آف اچیومنٹ سے نوازا گیا۔
یہ کامیابیاں نہ صرف گاؤں بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر اور آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دی گئیں۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں ڈی ڈی او چھوار سید محمد شاہ اور ایم این اے ممتاز یعقوی شامل تھے۔ معززینِ علاقہ اور اسکول کمیونٹی کے اراکین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اسماعیل یوسف اور سارہ کریم نے انجام دیے جبکہ رہنمائی بوا رستم علی عاصی صاحب نے فرمائی۔ آخر میں طلبہ، اساتذہ، بزرگوں اور معاونین کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس تقریب کو تعلیم، خواتین کی ترقی اور اجتماعی یکجہتی کا جشن قرار دیا گیا۔