26/08/2026
الحمدللہ
کتاب و علم سے روشن ہو جس بستی کا ہر آنگن
وہاں کے نوجوانوں کا مقدر خود سنورتا ہے
نو ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل وادی طورمک میں ایک لائبریری کا نہ ہونا یقیناً ایک لمحۂ فکریہ تھا۔ طورمک سٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) کی جانب سے کئی سالوں سے ایک لائبریری کے قیام کی خواہش تھی، جو آج الحمدللہ عملی شکل اختیار کر رہی ہے۔
لائبریری کے قیام کے لیے کئی مرتبہ حکومتی سطح پر درخواستیں اور گزارشات پیش کی گئیں، لیکن بدقسمتی سے کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہ ہو سکی۔ بالآخر طلبہ نے اپنی مدد آپ کے تحت اس دیرینہ خواب کو حقیقت میں بدلنے کا فیصلہ کیا اور ایک لائبریری کے قیام کا عمل شروع کیا۔
اس علمی منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے FASOکے ساتھ باہمی تعاون (Collaboration) بھی کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ و طالبات کے لیے علم، مطالعہ اور تعلیمی سہولیات کو فروغ دینا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ اشتراک مستقبل میں بھی علاقے کے نوجوانوں کے لیے مزید مثبت اور علمی اقدامات کی بنیاد بنے گا۔
ہماری خواہش اور ابتدائی فیصلہ یہی تھا کہ لائبریری طورمک سنٹر میں قائم کی جائے تاکہ علاقے کے زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات اس سے مستفید ہو سکیں، لیکن بدقسمتی سے سنٹر ایریا میں فی الحال کوئی موزوں جگہ دستیاب نہ ہو سکی۔ اسی وجہ سے عارضی طور پر لائبریری داسو میں قائم کی گئی ہے۔ ان شاء اللہ جیسے ہی سنٹر ایریا میں مناسب جگہ دستیاب ہوگی، لائبریری کو وہاں منتقل کر دیا جائے گا۔
لائبریری کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی تشریف لانے والے جناب فدا حسین ساقی صاحب سمیت تمام معزز مہمانوں، عزیزوں اور دوستوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں، جنہوں نے اپنی قیمتی مصروفیات میں سے وقت نکال کر تقریب میں شرکت کی اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔
جناب فدا حسین ساقی صاحب نے لائبریری کے لیے مزید کتب کی فراہمی کی غرض سے دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کرکے طلبہ سے اپنی محبت اور علم دوستی کا عملی ثبوت دیا۔ انہوں نے آئندہ بھی لائبریری کے لیے تعاون جاری رکھنے اور سنٹر ایریا میں لائبریری کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جس پر طورمک کے تمام طلبہ و طالبات ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
صوبائی وزیر جناب راجہ ناصر علی خان کو بھی افتتاحی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا، تاہم گورنر کے ساتھ ایک ضروری اجلاس کے باعث وہ تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔ انہوں نے بذریعہ فون معذرت کی اور لائبریری کے لیے ہر ممکن تعاون، بالخصوص کمپیوٹرز اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کا وعدہ کیا، جس پر ہم ان کے بھی مشکور ہیں۔
آخر میں، طورمک سٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) کی جانب سے ان تمام عزیزوں، دوستوں، طلبہ اور مخیر حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس علمی سفر میں مالی تعاون کیا، قیمتی کتابیں فراہم کیں، وقت دیا اور اپنی بھرپور کوششوں سے اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔
لائبریری صرف ایک کمرہ اور چند کتابوں کا نام نہیں بلکہ طورمک کے طلبہ کے روشن مستقبل، علمی شعور اور فکری ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ چھوٹی سی کاوش آنے والی نسلوں کے لیے علم و آگہی کا ایک مضبوط ذریعہ ثابت ہوگی۔
اللہ تعالیٰ اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے ہمارے علاقے کے بچوں اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔