29/04/2025
#سکردو محمدیہ ٹرسٹ نے جامعہ بلتستان، سکردو میں ایک جامع مسجد کی تعمیر کے لیے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے کی فراخدلانہ معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں 18 لاکھ روپے کی پہلی قسط جامعہ کو فراہم کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر جامعہ بلتستان میں ایک سادہ مگر پُر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں محمدیہ ٹرسٹ کے ذمہ داران نے باقاعدہ طور پر پہلی قسط کی رقم جامعہ کے رجسٹرار، وسیم اللہ جان ملک کے حوالے کی۔
رجسٹرار نے اس نیکی پر مبنی اقدام کو “مثالی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسجد کا قیام نہ صرف طلباء و طالبات، بلکہ فیکلٹی اور دیگر عملے کی دینی و روحانی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے محمدیہ ٹرسٹ کی اس عظیم خدمت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ جامعہ بلتستان میں مسجد کی عدم موجودگی ایک دیرینہ مسئلہ تھا، جسے اب محمدیہ ٹرسٹ کی مدد سے حل کیا جا رہا ہے۔ مسجد کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی، جو جدید طرزِ تعمیر اور سہولیات سے آراستہ ہوگی تاکہ طلباء اور عملہ یکسوئی کے ساتھ عبادات انجام دے سکیں۔