08/05/2026
آج پاکستان پیپلز پارٹی کے سنٹرل سیکرٹریٹ، شہید محترمہ بے نظیر ہاؤس میں سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی آغا محمد علی شاہ بخاری کے ہمراہ خیبر شیراز خان صدر بھکر میانوالی اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن (BMSA)، زرعی بارانی یونیورسٹی راولپنڈی کی ایک اہم اور تفصیلی ملاقات ہوئی۔
اس ملاقات میں نوجوان وکلاء، اسٹوڈنٹ سیاست، یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو درپیش مسائل، تعلیمی ماحول، طلبہ کے حقوق اور خصوصاً زرعی بارانی یونیورسٹی راولپنڈی کے پیچیدہ مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران اس امر پر خصوصی گفتگو ہوئی کہ آج کا نوجوان طالبعلم نہ صرف تعلیمی دباؤ بلکہ عملی میدان میں رہنمائی، مواقع کی کمی اور مختلف ادارہ جاتی مسائل کا بھی سامنا کر رہا ہے۔
اجلاس میں طلبہ سیاست کے مثبت کردار، نوجوان قیادت کے فروغ، طلبہ کے آئینی و جمہوری حقوق، نوجوان وکلاء کے لیے بہتر پلیٹ فارم اور تعلیمی اداروں میں طلبہ کو درپیش مشکلات کے حل پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔
سینئر رہنما آغا محمد علی شاہ بخاری نے نوجوانوں، طلبہ اور وکلاء کے مسائل کو انتہائی توجہ سے سنتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ نوجوان نسل، طلبہ اور وکلاء کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی ملک کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی سرپرستی، رہنمائی اور مسائل کا حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر یہ بھی طے پایا کہ آئندہ بھکر میانوالی اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن (BMSA) اور پاکستان لاء سوسائٹی (PLS) کے تمام پروگرامز، فنکشنز اور کنونشنز کے لیے شہید محترمہ بے نظیر ہاؤس ہر وقت دستیاب ہوگا تاکہ نوجوانوں کو ایک مضبوط اور مثبت پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نوجوان وکلاء، طلبہ اور نئی قیادت کے حقوق کے تحفظ، بہتر تعلیمی ماحول اور مثبت سیاسی و سماجی کردار کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔