21/01/2026
یاد اُس دَر کی مِرے دِل کو سدا خوش رکّھے
مُجھ کو تا حشر مدینے کی فضا خوش رکّھے
شاد آباد کرے، روزِ جزا خوش رکّھے
خوش وهؐ جس سے بھی رہیں اُس کو خُدا خوش رکّھے
جو مِٹیں اُنؐ کے لیے، جو ہوں نچھاور اُنؐ پر
لبِ کوثر، اُنہیں جنّت کی ہَوا خوش رکّھے
مَیں غمِ شاهِؐ دو عالَم میں حضُوری چاہُوں
غیر ممکن ہے کوئی اور دوا خوش رکّھے
اُنؐ کا دیدار قیامت میں سہی، برحق ہے
یہ جزا ہے تو مُجھے ایسی جزا خوش رکّھے
اُنؐ کی خوشنودئ خاطر کے لیے کُچھ بھی نہیں
شاید ایسا ہو مِرا ذوقِ وفا خوش رکّھے
دردِ دِل، سوزِ جگر اُن کی محبّت نے دیا
میں تو خوش اسی عالم میں خُدا خوش رکّھے
حشر کی دُھوپ کی پروا ہے، نہ خطرہ، نہ خیال
اُس کو کیا غم؟ جسے رحمت کی گھٹا خوش رکّھے
قرب ہے صرف تِرے دَر کا مسرّت افزا
دُور ره کر کوئی کیا خود کو بَھلا خوش رکّھے
آستاں سے تِرے دُوری پہ پریشاں ہے نصِیرؔ
ساری دُنیا کی خوشی بھی اُسے کیا خوش رکّھے
19/12/2025