05/03/2026
ٹیکس فراڈ کیس:
ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ایف بی آر افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت۔
لاہور: اپیلیٹ ٹربیونل اِن لینڈ ریونیو (ATIR) لاہور نے ایک اہم فیصلے میں ایف بی آر کے چیئرمین کو ہدایت دی ہے کہ ایسے ٹیکس افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جنہوں نے عدالت کی واضح ہدایات کے باوجود ریکارڈ پیش نہیں کیا۔
یہ فیصلہ کیس M/s Bright Star Engineering Works, Lahore بنام CIR, Zone-II, CRTO Lahore (ITA No.1547/LB/2019) میں دیا گیا۔
سماعت 3 فروری 2026 کو ہوئی جبکہ فیصلہ 25 فروری 2026 کو سنایا گیا۔
اپیل کنندہ کی جانب سے عتیق الرحمن ایڈووکیٹ جبکہ محکمہ کی طرف سے مس زیلِ ہما (DR)، ڈاکٹر شازیہ (CIR) اور محمد اکمل (اسسٹنٹ) پیش ہوئے۔
یہ کیس سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعات 8(1)(d)، 8(1)(ca)، 2(37)، 34(1)(c) اور 33(13) کے تحت ٹیکس فراڈ کے الزام سے متعلق تھا۔
ٹربیونل کے ریمارکس
ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں محکمہ کے رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران نے متعدد ہدایات کے باوجود کیس کا ریکارڈ پیش نہیں کیا اور مختلف دفاتر ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر معاملے کو “پنگ پونگ” بناتے رہے۔
ٹربیونل کے مطابق اس غیر تعاون سے بادی النظر میں ظاہر ہوتا ہے کہ ریکارڈ پیش نہ کرنے کے پیچھے کوئی مشتبہ مقصد ہوسکتا ہے۔
اگر ایسے طرز عمل کو نظر انداز کیا گیا تو اس سے قانونی حدود (Statutory Limitation) کی حرمت، ٹیکس انتظامیہ کی شفافیت اور سرکاری ریکارڈ کی ساکھ متاثر ہوگی۔
پانچ سالہ قانونی حد (Limitation)
ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کے اہم مقدمے Collector of Sales Tax, Gujranwala v. M/s Super Asia Muhammad Din & Sons (2017 SCMR 1427) کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ سیلز ٹیکس ایکٹ میں دی گئی مدتِ حد (Limitation Period) لازمی ہے اور اس سے تجاوز نہیں کیا جا سکتا۔
ٹربیونل نے واضح کیا کہ پانچ سال کی مدت گزرنے کے بعد جاری ہونے والا شوکاز نوٹس اختیار سے تجاوز (Quorum Non Judice) کے زمرے میں آتا ہے اور قانوناً برقرار نہیں رہ سکتا۔
حتمی فیصلہ
ٹربیونل نے شوکاز نوٹس کو وقت گزر جانے کی بنیاد پر کالعدم قرار دیتے ہوئے نچلی عدالتوں کے احکامات ختم کر دیے اور ٹیکس، ڈیفالٹ سرچارج اور جرمانے کو بھی ختم کر دیا۔
مزید برآں ٹربیونل نے معاملہ چیئرمین ایف بی آر، ممبر لیگل اور ممبر آپریشنز کو بھیجتے ہوئے حکم دیا کہ سرکاری ریکارڈ پیش نہ کرنے اور غیر تعاون کرنے والے افسران کے خلاف انکوائری کر کے ذمہ داری کا تعین کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
2026 SLD 409 — Appellate Tribunal Inland Revenue, Lahore — ITA No.1547/LB/2019۔
Follow The Jurists Incubator ✅'s WhatsApp Channel. Welcome to the official WhatsApp channel of the Jurist Incubator by Adv. Umar, Peshawar!
WhatsApp No. 03463010630. Join 9.5K followers for the latest updates.