19/09/2026
تنظیمِ اساتذہ پاکستان ضلع پشاور کے زیرِ اہتمام تعلیمی ریلیف پیکج کی تقسیمِ
تنظیمِ اساتذہ پاکستان ضلع پشاور کے زیرِ اہتمام پشاور کی سات تحصیلوں کے سکولوں سے تعلق رکھنے والے 300 یتیم اور مستحق طلبہ وطالبات میں تعلیمی ریلیف پیکجز تقسیم کیے گئے۔تقریب کا انعقاد گورنمنٹ اسامہ شہید سیکنڈری سکول کے مرکزی ہال میں کیا گیا جس میں والدین،طلبہ و طالبات ،اساتذہ اور مدعو کئے گئے مہمانان شریک تھے۔ تقریب کی صدارت تنظیم اساتذہ پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال نے کی جب کہ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا جعفر منصور عباسی تھے۔ تنظیم اساتذہ پاکستان خیبر پختونخوا کے صدر ڈاکٹر عامر عتیق صدیقی،سیکرٹری صوبہ ڈاکٹر محمد عثمان، مرکزی سیکرٹری فنانس تنظیم اساتذہ مصباح الاسلام،صدر سکول آفیسر ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا سمیع اللہ خلیل، صدر تنظیم اساتذہ ضلع پشاور انجینئر منیب الرحمن،ڈاکٹر سلیم آفاقی،پرنسپل منور مروت بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مہمان خصوصی جعفر منصور عباسی صوبائی ڈائریکٹر تعلیمات خیبر پختون خواہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے تنظیم اساتذہ پاکستان کے زیر اہتمام 300 طلبہ و طالبات کے لیے ریلیف پیکج کی تقسیم پر منتظمین کو مبارکباد دی اور اسے کار خیر قرار دیا۔انہوں نے مخیر حضرات اور اساتذہ کی دیگر تنظیموں کو بھی اس کار خیر میں حصہ لینے کی دعوت دی۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار کا مطالعہ کریں اور اور ان کے دیے گئے روڈ میپ کے مطابق زندگی میں آگے بڑھیں۔جعفر منصور عباسی نے کہا کہ اس وقت صوبے میں اساتذہ کی 20 ہزار اسامیاں خالی ہیں جن میں سے ساڑھے 13 ہزار اس مالی سال کے دوران پر کی جائیں گی پرائمری سکولوں میں ائندہ چھ کمرے تعمیر کیے جائیں گے اور ہر سکول میں طلبہ کی ایک سے لے کر 59 کی تعداد تک والے سکولوں میں دو اساتذہ فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تبدیل ہونے والی درسی کتب آئندہ سال 100 فیصد طلبہ کو فراہم کی جائیں گی جبکہ دیگر کتب کے حوالے سے بھی مرحلہ وار طلبہ و طالبات کی تعداد کے مطابق ان میں اضافہ کیا جائے گا۔
تنظیم اساتذہ پاکستان خیبر پختونخوا کے صدر ڈاکٹر عامر عتیق صدیقی نے کہا کہ تنظیم اساتذہ ضلع پشاور نے شعبہ امداد طلبہ کے تحت متعدد سالوں زے کار خیر کی اس روایت کے تسلسل کو برقرار رکھا ہے جو خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت 49 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں حکومت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے یہ لمحہ فکریہ ہے۔یونیسف کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے صدر صوبہ نے کہا کہ بچوں کو تعلیمی بیگز و سٹیشنری کی فراہمی سے طلبہ کے سکولوں سےڈراپ آؤٹ ریٹ کو 30 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طلبہ وطالبات کو آئندہ تعلیمی سال سے درسی کتب کی 100 فیصد فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں اور انگریزی میڈیم کے ساتھ اردو میں بھی کتابوں کو شائع کیا جائے۔
صدارتی خطبہ دیتے ہوئے صدر تنظیم اساتذہ پاکستان ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال نے کہا کہ تنظیم اساتذہ پاکستان ایک عرصہ سے شعبہ تعلیم متاثرین اور شعبہ امداد طلبہ کے تحت تعلیمی ریلیف پیکج جن میں بیگز ،نوٹ بکس ،قلم ،جیومیٹری باکس،یونیفارم اور نقد رقوم مستحق طلبہ و طالبات میں تقسیم کرتی چلی آ رہی ہے ہم اسے کار خیر سمجھتے ہیں اور یہ سنت نبوی کے عین مطابق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم اساتذہ پاکستان کالجز اور یونیورسٹیز میں بھی امداد طلبہ سے متعلق سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔تنظیم اساتذہ پاکستان قرآن و سنت کی روشنی میں اساتذہ و طلبہ کی کردار سازی،درسگاہوں میں خوش گوار اور پُرامن، تعلیمی و تربیتی ماحول کے فروغ اور نظریہ پاکستان کی ترویج و اشاعت کے ساتھ ساتھ طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے،معیاری تعلیم کے حصول کی جدوجہد میں مصروف عمل یے۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ سوشل میڈیا کا تعمیری استعمال کریں اور اس کے فتنوں اور مخرب اخلاق استعمال سے اپنے آپ کو بچائیں اس سلسلے میں والدین اور اساتذہ بھی اپنے حصے کا کام کریں۔
مرکزی سیکرٹری فنانس مصباح الاسلام نے کہا کہ تعلیمی ریلیف پیکج کی تقسیم صدقہ جاریہ اور کار خیر ہے،اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے انہوں نے حدیث کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ اوپر والا ہاتھ نیچے والے ہاتھ سے بہتر ہے۔
صوبائی نگران شعبہ امداد طلبہ محمد اقبال نے کہا کہ امسال شعبہ کے تحت صوبہ کے 24 اضلاع میں 70 لاکھ روپے کی مالی رقم سے مستحق طلبہ وطالبات میں ریلیف پیکج تقسیم کیا گیا ہے ۔
صدر تنظیم اساتذہ ضلع پشاور انجینئر منیب الرحمن نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔آخر طلبہ و طالبات میں تعلیمی ریلیف پیکج اور لنچ باکس تقسیم کئے گئے۔
میڈیا سیل تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا