13/05/2026
گورنر کاٹیج میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوہاٹ کے کنٹرولر امتحانات کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بورڈ سے متعلق مختلف امور اور مسائل پر جامع تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں نجی سکولوں اور کالجوں کے سربراہان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
مزید برآں، جاری امتحانات کے انتظامات اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ کنٹرولر امتحانات نے لیا۔ اس موقع پر انہوں نے امتحانی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، ذمہ دارانہ فرائض کی انجام دہی اور انتھک کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام عملے کی کاوشوں کو سراہا۔
28/03/2026
آج اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر جناب حیات خان نے کی۔ جناب مرتضیٰ حسین نے ایجنڈا پیش کیا۔
تفصیلی غور و خوض کے بعد شرکاء نے متفقہ طور پر درج ذیل نکات کی منظوری دی:
1.جنرل باڈی کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا، اور تمام اراکین کی شرکت لازمی ہوگی۔ کوئی بھی رکن اگر مسلسل تین اجلاسوں میں غیر حاضر رہے گا تو اس کی رکنیت منسوخ کر دی جائے گی۔
2.سکول جمعہ کے دن کھلے رہیں گے جبکہ ہفتہ کے دن بند رہیں گے۔
3.سکولوں میں صرف انہی طلباء کو داخلہ دیا جائے گا جن کے پاس PSRA پورٹل سے جاری کردہ سرٹیفکیٹس ہوں گے۔
4.مالیاتی نظام کو باقاعدہ، منظم اور محفوظ رکھا جائے گا۔
5.فیک سرٹیفکیٹس کے حامل طلباء کو سکول میں داخلہ نہیں دیا جائے گا۔
6.فیل طلباء کو پاس سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی روایت کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
7.جعلی سرٹیفکیٹس جاری کرنے والے مراکز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
8.تمام اساتذہ کے ساتھ باقاعدہ معاہدے کیے جائیں گے۔
9.ایک وفد PSRA آفس اور BISE کوہاٹ کا دورہ کرے گا تاکہ مختلف مسائل پر بات چیت کی جا سکے۔
کابینہ کے اراکین کو فعال رہنا ہوگا تاکہ تنظیم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
آخر میں صدرِ اجلاس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
27/03/2026
عزیز و محترم والدین!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
امید ہے آپ سب خیریت سے ہوں گے۔
جیسا کہ آپ حضرات کے علم میں ہے کہ حالیہ دنوں میں خلیجی و مشرقِ وسطیٰ خطے میں تیل کے بحران کے باعث حکومتی سطح پر کچھ اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہی فیصلوں کے تحت ہفتہ وار تعلیمی شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے مطابق چھ ورکنگ ڈیز میں سے دو دن تعطیل اور چار دن حاضری رکھی گئی ہے۔
اس حوالے سے بعض حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ سکولز کی بندش یا شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ پرائیوٹ ایجوکیشن سیکٹر کی جانب سے کیا گیا ہے، جو کہ حقیقت کے برعکس ہے۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس فیصلے میں سکولز کا کوئی عمل دخل نہیں۔
حکومتِ وقت نے یہ قدم والدین اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا ہے، تاکہ:
ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بے جا اضافہ نہ ہو
ڈرائیور حضرات کے روزگار کا تسلسل برقرار رہے
والدین پر کرایوں کا اضافی بوجھ نہ پڑے
اور بچوں کا تعلیمی وقت بھی حتی الامکان ضائع نہ ہو
اگر ہم مجموعی طور پر دیکھیں تو اس فیصلے کا فائدہ براہِ راست والدین، طلبہ اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کو پہنچتا ہے، جبکہ سکولز اس معاملے میں محض حکومتی ہدایات پر عمل پیرا ہیں۔
ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں پھیلنے والی افواہوں یا غلط معلومات پر توجہ نہ دیں اور حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمارا ساتھ دیں۔
آپ کے تعاون کا بے حد شکریہ 🌹
محمد حیات خان
صدر
پرائیوٹ ایجوکیشن نیٹ ورک ڈسٹرکٹ کرم
13/03/2026
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
امید ہے کہ آپ سب معزز دوست اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے خیریت اور عافیت کے ساتھ ہوں گے۔ دعا ہے کہ اللہ پاک ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ہمیں خدمتِ تعلیم کے اس عظیم فریضے کو بہتر انداز میں انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔
جیساکہ گزشتہ کئی دنوں سے افغان بارڈر کی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ کرم کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھے گئے تھے اور تاحال اس سلسلے میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد جاری ہے۔ ہم تمام اہلیانِ ڈسٹرکٹ کرم ضلعی انتظامیہ کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ان حساس حالات کے باوجود تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل اور فروغ کے لیے مثبت اور بروقت احکامات صادر فرمائے۔
لہٰذا ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کی روشنی میں بروز پیر بمطابق 16 مارچ 2026 سے پرائیوٹ سیکٹر کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، البتہ بارڈر سے متصل پہلے سے مینشن شدہ علاقوں میں واقع تعلیمی ادارے بدستور بند رہیں گے۔
مزید برآں حکومتِ خیبر پختونخوا کے احکامات کے مطابق ماہ مارچ اور اپریل کے دوران ہفتہ وار تدریسی شیڈول میں عارضی تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت تعلیمی ادارے بروز پیر تا جمعرات کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے۔ یہ شیڈول ماہ مارچ اور اپریل کے اختتام تک جاری رہے گا۔
لہٰذا پرائیوٹ ایجوکیشن نیٹ ورک ڈسٹرکٹ کرم کے تمام معزز سربراہانِ ادارہ سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ ان ہدایات پر مکمل اور بروقت عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ تعلیمی نظم و ضبط برقرار رہے اور طلبہ کا تعلیمی سلسلہ احسن انداز میں جاری رہ سکے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
آپ کے تعاون اور ذمہ دارانہ کردار کا ہمیشہ کی طرح شکریہ۔
والسلام
محمد حیات خان
صدر
پرائیوٹ ایجوکیشن نیٹ ورک ڈسٹرکٹ کرم
27/02/2025
پاراچنار
پاراچنار کے تمام سرکاری پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان نے یکم مارچ سے کھولنے والے تعلیمی ادارے احتجاجا بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ فیول ،یونیفارم اور سٹیشنری نہ ہونے کی وجہ سے نیا سیشن بھی گزشتہ سال کی طرح بدامنی کا شکار ہونے کا خدشہ ہے راستے کھولنے تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے
پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان پرنسپل مرجان علی ، سر زاہد حسین ، محمد حیات خان، عابد حسین، قاضی میر ابرار، خورشید انور، مرتضی حسین، شمیم علی، ماہر حسن ،سید جوہر حسین ، پرنسپل واجد علی اور صابر حسین نے کہا کہ پانچ ماہ سے پاراچنار سمیت اپر اور لوئر کرم کے سو سے زائد دیہات کی پانچ لاکھ ابادی خوراک علاج اور تیل سے محروم ہیں 2024 میں بھی پاراچنار میں تیل نہ ہونے کی وجہ سے احتجاجا تعلیمی ادارے بند رہے اب دو ماہ کی موسم سرما کی تعطیلات کے باعث تعلیمی ادارے بند رہے یکم مارچ سے سکولز دوبارہ کھل رہے ہیں مگر مارکیٹ میں خوراک و علاج سمیت سٹیشنری، یونیفارم اور تیل موجود نہیں ہے جہاں بگن میں کتابوں اور یونیفارمز کی گاڑیاں جلانے کے باعث طلبہ کو مشکلات درپیش ہیں وہاں 1200 روپے سے 1500 روپے تک فی لیٹر بلیک مارکیٹ میں ملنے والے پیٹرول بھی طلبہ اور اساتذہ کے لیے ناقابل برداشت ہیں اس وجہ سے تعلیمی ادارے احتجاجا بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے راہنماوں نے کہا کہ آمدورفت کے راستے کھولنے اور فیول کی سپلائی بحال ہونے تک تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے اور مسلہ حل نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی تحریک چلانے پر غور کیا جائے گا
راہنماوں نے کہا کہ کوہاٹ بورڈ میں مارکینگ میں بھی طلبہ کے ساتھ انتہائی نا انصافی کی جا رہی ہے ائندہ کے لیے پاراچنار کے طلبہ کے ساتھ ناانصافی کا سلسلہ بند کیا جائے
26/02/2025
اسلام علیکم۔
کل 27 فروری 3 بجے نجی اور سرکاری سکولز کے سربراہان کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی . تمام پرنسپل صاحبان سے گزارش ہے کہ کل تین بجے پریس کلب میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔
27/10/2024
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
موجودہ ایندھن کی قلت کی وجہ پیدا شدہ مشکلات کی وجہ سے سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے تین دن (28 تا 30 اکتوبر)کے لیے بند کر دی گئی ہیں.
آپ کا خیرخواہ
صدرپرائیوٹ اینڈ پبلک ایجوکیشن نیٹ ورک ڈسٹرکٹ اپر کرم