19/05/2026
پاکپتن کی سر زمین بہت زرخیز ہے جس نے سینکڑوں ایسی شخصیات کو جنم دیا جنہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں لازوال کارنامے سر انجام دیئے ، ہمارے معاشرے میں چند لوگ ایسے ہوا کرتے ہیں جن کی زندگی کا مقصد بلا تفریق مذہب و رنگ و نسل صرف انسانیت کی خدمت اور فلاح ہوا کرتا ہے ایسی ہی ایک شخصیت 06 جولائی 1971 کو پاکپتن کے نواحی قصبے " کلیانہ " میں پیدا ہوئی جن کو لوگوں نے " ڈاکٹر محمود ریاض جوئیہ " کےنام سے جانا ۔
ایک زمیندار گھرانے میں پیدا ہونے کے باوجود خدمت خلق کے جذبے کے پیشِ نظر آپ نے میڈیکل کی فیلڈ کو بطور پیشہ اختیار کیا اور ہومیوپیتھک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد زندگی کا ایک کثیر حصہ " جرمن ہومیوپیتھک کلینک " کو چلاتے ہوئے خدمت خلق کی بعد ازاں انھوں نے پاکپتن شریف میں میڈیکل فیلڈ میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پاکپتن کے اولین میڈیکل کالج کی بنیاد رکھی جسے آج لوگ " پاکپتن ہومیوپیتھک میڈیکل کالج ( پی ۔ ایچ ۔ایم ۔ سی ) " کے نام سے جانتے ہیں ۔ اسی کے ساتھ ساتھ آپ نے ایلو پیتھک طریقہ علاج کی تعلیم کے لیے " پاکپتن پیرا میڈیکل کالج ( جو بنیادی طور پر پیرا میڈیکل کورسسز کروا رہا ہے) " کی بنیاد رکھی ۔ پاکپتن کے طلبا و طالبات کو فارمیسی کی فیلڈ سے روشناس کرانے کا سہرا بھی آپ کے سر ہے سب سے پہلے ادارے " پاکپتن انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز پاکپتن" بھی عرصہ دراز سے آپ کی رہنمائی میں طلبا و طالبات کو فارمیسی کی تعلیم مہیا کر رہا ہے ۔ پاکپتن میں طالبات کو نرسنگ ( LHV . CMW) کی تعلیم دینے والا واحد ادارہ " احمد کالج آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز پاکپتن" بھی آپ ہی کی زیرِ سرپرستی علم کی روشنی بانٹ رہا ہے یوں آج بھی آپ کی زیر قیادت پاکپتن گروپ آف کالجز کے گلدستے سے علم و فن کی خوشبو سمیٹے طلبا و طالبات سالانہ سینکڑوں کی تعداد میں صحت کے شعبہ میں اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے نکلتے ہیں ۔
اللّٰہ تعالیٰ" ڈاکٹر محمود ریاض جوئیہ صاحب" کو صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے اور یہ خدمت و فلاح کا مشن تا قیامت جاری رہے ۔