This is the official page of darul uloom faiz ul quran pirsabaq shareef .
{بسم اللہ الرحمن الرحیم}
تذکرہ سراج السالکین
مرشد خواص والعوام
حضرت مولانا محمد عبدالسلام صاحب پیر سباقؒ
مولد و مدفن
پیر سباق۔
جائے وقوع اور وجہ تسمیہ:
پشاور سے بزریعہ جی ٹی روڈ نوشہرہ کی جانب سفر کریں تو نوشہرہ فوجی چھاونی کے اختتام پر بائیں جانب دریائے کابل کے پار بجانب شمال مغرب ایک موضع ہے جو پیر سباق شریف کہلاتا ہے۔ یعنی سبقت لے جانے والے پیر و مُرشد۔
دینی و روحانی بزرگوں کی قدم بوسی ن
ے گوالو اور کشتی بانوں کی اس بستی کو اس طرح نوازاہے کہ ایک مرتبہ اس کا حسین منظر دیکھنے والا اسے دیر تک تصور میں سجائے رکھتا ہے۔
"ایں سعادت بزور بازو نیست
تانہ بخشند خدائے بخشندہ"
دو طرف سے دریائے کابل کی وسعتوں میں گرا،اس کا خوبصورت ماحول، دریا میں کھیلتے کشتیاں اور بجرے ،دریا کے اُوپر لکڑی کے تختوں اور لوہے کی رسیوں سے کسا بندھا پُل ،خانقاہ کی مسجد کے دور سے دکھائی دیتے ہوئے گنبد و مینار، نہایت ہی پُر لطف اور خوشگوار منظر پیس کرتے ہیں (حدیقۃ السالکین از صاحبزادہ عبدالخالق)
حضرت صاحب کا خاندان
شیخ المشائخ حضرت مولانا محمد عبدالسلام صاحب رحمۃ اللّٰہ علیہ علاقے کے مشہور عالم دین شیخ الحدیث مولانا نور الحق صاحب نور اللہ تعالیٰ مرقدہ کے فرزند ارجمند ہیں۔ پشت ہاپشت سے یہ مبارک گھرانہ، دینی درس و تدریس، اصلاح و سلوک ،اور دعوت و ارشاد سے منسلک چلا آرہا ہے۔
سلسلہ نسب
حضرت صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا سلسلئہ نسب متعدد پشتوں سے ہوتا ہوا خلیفہ ثانی سیّدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے جا ملتا ہے۔
ولادت:
1924ء
وفات حسرت آیات
ربیع الثانی ۱۴۲۵ء مطابق مئی 2004ء۔
تربیت اور تحصیل علم:
حضرت صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے نظم و نثر، صرف، نحو، علم تجوید، کتب فقہ، اُصول وغیرہ اپنے والد گرامی قدر اُستاد العلماء شیخ الحدیث مولانا نورالحق صاحب نور اللہ تعالیٰ مرقدہ سے پڑھیں۔
زمانہ طالب علمی میں شہباز گڑھی، باڑی چم مردان، جلالیہ علاقہ چھچھ وغیرہ مقامات پر علم کا پیاس بجھانے کے لئے دن رات محنت کی، حضرت مولانا خلیل اللہ صاحب﴿ زنڈو بانڈہ ﴾جو کہ حضرت شاہ محمد شیر صاحب پیلہ بھیت شریف بھارت کے خلیفہ تھے، سے خصوصی علمی اسفادہ کیا۔ درسِ حدیث کیلئے غورغشتی گئے،وہاں سرحد کے شاہ ولی اللہ حضرت شیخ الحدیث مولانا نصیر الدین غور غشتی رحمۃ اللہ علیہ سے کسبِ فیض کیا۔
حصول علم باطنی:
بچپن اور زمانہ طالب علمی سے ہی حضرت صاحب رحمۃ اللہ علیہ کشرتِ ذکر الٰہی، تقوی، اتباعِ سُنت، تواضع اور صبرو شکر کے پیکر تھے۔
تکمیل علوم دُینیہ کے بعد حصولِ علم باطنی اور روحانی پیاس کی تسکین کے لئے ملک اور بیرون ملک دور دراز کے متعدد سفر کئے،جہاں بھی کسی اللہ والے کے بارے میں سُنتے وہاں تشریف لے جاتے،اور روحانی استفادہ کرتے،جہان گشتی کے دوران زبدۃ العارفین ملا صاحب انحئری حضرت خواجہ کریم داد صاحب رحمۃ اللہ علیہ (کنڑ افغانستان) کے پاس پہنچے تو دِل کو قرار مل گیا۔حضرت صاحب انزری رحمۃ اللہ علیہ کی طرف سے سلسلہ عالیہ قادریہ،سلسلہ عالیہ نقشبندیہ اور سلسلہ عالیہ سہروردیہ میں خلافت سے نوازے گئے۔
مرشد کریم حضرت مولانا کریم داد صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے آپ کیلئے متعدد مواقع پر ان الفاظ کے ساتھ اللّٰہ ربّ العزّت کے حضور دُعا کی " اللّٰہ تعالیٰ آپ کو اولیائے کرام کا سردار بنائے۔"
جن لوگوں نے حضرت صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے ملاقات کا شرف حاصل کیا ہے اُن کا کہنا ہے کہ اس دُعا کی قبولیت کے آثار حضرت کی پوری زندگے سے عیاں ہیں،اورہرذی فہم شخص اس کابخوبی مشاہدہ کرسکتاہے۔
حضرت صاحب انزریؒ کے وصال فرمانے کے بعد سلطان العارفین حضرت خواجہ حافظ عبدالغفور صاحب رحمۃ اللہ علیہ (دریائے رحمت شریف، اٹک) کے ہاں حاضری دیتے رہے،اور کسبِ فریض کرتے رہے،باباجی صاحبؒ دریا شریف نے اتنی شفقت فرمائی کہ سلسلہ عالیہ چشتہ سمیت تمام سلاسل کی اس طرح اجازت و خلافت عطا فرمائی کہ ارشاد فرمایا۔ " مجھے اپنے مشائخ کرام سے جتنے سلاسل و اوراد و وظائف میں اجازت حاصل ہے سب کی آپ کو اجازت ہے۔ "
روحانیت کے بلند مقامات پر فائز کرنے کے علاوہ اللہ ربّ العزّت نے خلقِ خُدا کے جسمانی امراض و عوراض کے علاج معالجے کیلئے طب کا وسیع تجربہ اور علم عطا فرمایا تھا۔ طبیہ کالج لاہور کے سند یافتہ تھے، بہت سے لا علاج مریضوں کو اللہ پاک نے شفا دی، آپ روحانی اور جسمانی امراض کے ایک عظیم الشان طبیب تھے۔
"طبیب عظیم الشان" آپ کا تاریخ وفات بھی ہے یعنی ۱۴۲۵ء۔
دینی خدمات
تصّوف کے معروف چار سلاسل میں لوگ فیضیاب ہوئے ہر کام میں للّہیت اور اتباع سُنت مقدّم رکھا،اُن لوگوں کی ہمیشہ مزمّت فرماتے رہے جو کہتے ہیں،کہ شریعت اور ہے اور طریقت اور ہے۔ آپ فرماتے تھے،کہ یہ نعرہ ان لوگوں کا ہے جو شریعت سے فرار اختیار کر کے نفس کی پیروی کرتے ہیں۔
مرکزی دارالعلوم فیض القرآن کا قیام
آبا و اجداد میں دینی درس و تدریس کا سلسلہ ہمیشہ چلتا رہا، آپ خود بھی عرصئہ دراز تک مساجد میں درست دیتے رہے، علوم نبوّت کی ترویج و اشاعت کے لئے دارالعلوم فیض القرآن پیر سباق کے نام سے دینی ادارہ قائم کیا جسکی شاخیں ملک اور بیرون ملک کئی مقامات پر قائم ہو چکی ہیں،جہاں آپ کے شاگرد، خلفاء مریدین اور متعلقین دینی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اللّٰہ ربّ العزّت اپنی مہربانی سے تمام دینی اداروں کو ترقی، خدمات اور استقامت نصیب فرمائے۔ {آمین}
اشاعتِ کُتب
خانقاہِ پیر سباق سے بفضل اللّٰہ تعالیٰ اب تک یہ کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔
۱۔ سیرالسلوک عربی/پشتو
۲۔ سیرالسلوک عربی/اُردو
۳۔ فیوضاتِ نقشبندیہ فارسی
۴۔ فیوضاتِ نقشبندیہ پشتو
۵۔ مقامات قطبیہ و مقالات قدسیہ
۶۔ خیرالمجالس
۷۔ جواہر سلامیہ
۸۔ انوار ہدایت
۹۔ معمولات پیر سباق باباجی صاحب
۱۰۔ تزکرۂ پیر سباق
١١۔ اصلاح خواتین
١۲۔ تعلیم القرآن
١۳۔ افادات پیرسباق
سفرِ آخرت
علوم و معارف کا یہ آفتاب، خالق و مخلوق کا تعلق جوڑ والا یہ دُرِّ نایاب آقائے دوجہان صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا یہ عاشق صادق اﷲتعالیٰ کے حضور شاداں و فرحاں پہنچ گیا، جو بھی دیدار کی شعادت حاصل کرتا وہ پکار اُٹھتا۔
نشانِ مردِ مومن باتو گویم
چو مرگ آید تبسم برلب اوست
سانحہ ارتحال پر اہل علم افضل کے تاثرات:
معروف دینی مجلہ مانہامہ الحق دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک شمارہ جولائی 2004ء "۔
صوبہ سرحد اور ضلع نوشہرہ کی ایک بہت بڑی روحانی و علمی شخصیت حضرت مولانا پیر عبدالسلام صاحبؒ بھی گزشتہ دنوں انتقال فرما گئے" إِنَّا لله وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُون۔آپ ہمارے علاقے کے معروف گائوں پیر سباق کے رہنے والے تھے، آپ کی شخصیت میں انتہائی سادگی اور تواضع تھی،پورے صوبہ سرحد اور خصوصاً ضلع نوشہرہ میں آپ کا ایک بڑا حلقہ ارادت تھا،دعوت و اصلاح، تصوّف و احسان، امر بالمعروف و نہی عن المنکر میں اس پیر خُدامست نے زندگی صرف کر دی تھی۔
آپ انتہائی باکمال شخصیت کے مالک تھے،اور آپ کی ذات میںبلا کی کشش تھی، اچھے خاصے پڑھے لکھے، اور دُنیادار طبقہ ،جو بھی، آپ سے ایک بار ملتا آپ ہی کا ہو جاتا۔
ہمارے علاقے میں آپ کے سانحٔہ ارتحال سے ایک بہت بڑا خلا پیدا ہو چکا ہے،سچے علماء و مشائخ ہی ہمارے معاشرے کے آفتاب و مہتاب ہیں،پے درپے ان نایاب گوہروں کا ہم سے چھن جانا ایک بہت بڑے طوفان اور بحران کی غمازی کر رہا ہے، ہمیں اپنے بچے کچھے علماء و مشائخ کی قدر کرنی چاہیے۔
حضرت پیر سباقؒ کا جنازہ بھی بڑی تاریخی اہمیت کا حامل تھا،ہزاروں کا مجمع اور انسانوں کا ایک سمندر امڈ آیا تھا، جنازے کے موقع پر حضرت پیر صاحبؒ کی برکات و کرامات سب لوگوں کے سامنے آشکارا ہو گئیں۔
آپ کے دونوں صاحبزادگان جامعہ حقانیہ سے فارغ التحصیل ہیں،ادارہ ان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔
معروف مذہبی سکالر اور عالم دین مولانا عبدالقیوم حقانی نے اپنے تاثرات یوں قلمبند کئے۔
پیر سباق ضلع نوشہرہ کے مشہور صاحبِ طریقت و صاحبِ نسبت بزرگ اور شیخِ وقت حضرت مولانا پیر عبدالسلام صاحب نورّاﷲ مرقدہ۔۔۔۔ مئی کو واصل بحق ہوگئے۔
آپ کا شمار ان شخصیات میںہوتا ہے،جو اپنے پیچھے فضائل و کمالات کی ناقابل فراموش دُنیا چھوڑ جاتے ہیں،ان کی زندگی کے سادہ اوراق انتہائی بصیرت افروز ہیں،اصلاح و سلوک ان کا مشغلہ رہا، ان کے وجود سے ان خانقاہ کی رونق قائم تھی، اگر چہ آپ ایک عزلت پسند بزرگ سمجھے جاتے تھے، بظاہر نہ حلقۂ اراتمندوں کی محفلیں، نہ مستقل و عظ و تقریر کا اہتمام، نہ اشاعت و تشہیر کی ضرورت، نہ تکلّفات کے بکھیڑے، وہ صحیح معنوں میں درویش تھے، گو کبھی درویشی کی نمائش نہیں کی۔
اس نادر شخصیت، اس جامع کمالات اور ہر دلعزیز نمونۂ عمل کی وفات سے ایک دُنیا لرز کے رہ گئی، ہر طرف غم و آلام کے بادل چھا گئے۔
دیکھتے ہی دیکھتے آخری دیدار اور جنازہ میں شرکت کے لئے انسانوں کا ٹھاتھیں مارتا ہوا سمندر ہر طرف سے اُمڈ آیا،دریا عبور کرنے کے لئے نہ کشتیوں میں جگہ رہی، نہ پُل اتنا بوجھ برداشت کرنے کے قابل رہا، آج دریائے کابل کی لہریں بھی ایک اﷲ والے کی رحلت پر سرجھکائے خاموش گزرنے کی کوشش کرتی نظر آرہی تھیں، جنازہ کے مناظر اور عوام کے والہانہ اور دیوانہ وار آمد اس بات کی غماز تھی کہ جانے والا نہ صرف ایک وسیع حلقہ مریدین و متعلقین کے لئے مرجع و محبوب شیخ و مرشد تھا بلکہ عام انسانوں کے دلوں میں بھی راج کرتا تھا۔
کیا اچھا ہو، اگر ان کے اخلاف اور متوسلین میں سے کوئی صاحب ان کی سوانح اور خلوت و جلوت کے معمولات و مشاغل اور مقامات رفیعہ کو قلمبند کر کے ان کے فیوض کو عام کر دے۔
اﷲ کریم ان کے فیوض و برکات جاری و ساری رکھے اور ان کے لائق فرزندان و روحانی ابناء کو یہ سلسلہ رشد و ہدایتِ قائم رکھنے کی توفیق دے۔
(مانہامہ القاسم جامعہ ابی ھریرہ خالق آباد ضلع نوشہرہ)۔