11/05/2026
*جب تم اپنی پڑھائی مکمل کر کے فارغ التحصیل ہو جاؤ گے اور تمہارا سامنا عملی زندگی سے ہوگا، تب تمہیں سمجھ آئے گا کہ لوگ کیوں سبزی بیچ رہے ہیں، کوئی چھوٹی سی دکان پر سودا سلف بیچ رہا ہے، کوئی ٹیکسی چلا رہا ہے، کوئی گاڑیاں دھو رہا ہے، کوئی کیفے میں ہے اور کوئی ریستوران میں کام کر رہا ہے، باوجود اس کے کہ وہ تمہاری طرح پڑھے لکھے ہیں اور ان کے پاس ڈگریاں ہیں۔*
تمہیں اندازہ ہوگا کہ یونیورسٹی کے بعد والی زندگی سے بڑھ کر کوئی چیز تمہیں عاجزی نہیں سکھا سکتی، تمہیں پتہ چلے گا کہ صرف ڈگری کافی نہیں ہوتی، اور حقیقت کبھی بھی خوابوں اور تمناؤں جیسی نہیں ہوتی، باعزت روزگار کا تعلق جگہ یا عہدے کے نام سے نہیں، بلکہ صرف محنت اور غیرت سے ہے، تم سیکھو گے کہ ضروری نہیں تم جس چیز کی دوڑ دھوپ کرو وہ تمہیں مل ہی جائے، تمہیں سمجھ آئے گا کہ خدا سے مانگنا کیا ہوتا ہے 'تقسیم' کسے کہتے ہیں اور 'نصیب' کیا ہوتا ہے۔
زندگی تمہیں ہر اس انسان کا احترام کرنا سکھائے گی جو جینے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، چاہے تمہاری نظر میں اس کا کام کتنا ہی معمولی کیوں نہ ہو، اور ان سب سے اہم بات یہ کہ تم اپنے والدین کی اس محنت کی پہلے سے کہیں زیادہ قدر کرو گے جو انہوں نے تمہیں بڑا کرنے میں کی، کیونکہ تمہیں صحیح معنوں میں پتہ چلے گا کہ بخدا زندگی اتنی آسان نہیں ہے جتنا تم سوچتے تھے۔