16/01/2025
لاہور/اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ( Allama Iqbal Open University) نے روزگار کے متلاشی نوجوان نسل کو باعزت روزی کمانے کے قابل بنانے اور مارکیٹ کی ضرورتوں کو پورا کرنے کےلئے سمسٹر بہار 2025ء کے داخلوں میں 13 پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز متعارف کردئیے ہیں۔ اِن ڈپلومہ پروگرامز میں کمپیوٹر سائنس، ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ، ایجوکیشنل لیڈر شپ اینڈ مینجمنٹ، ارلی چائلیڈ ہووڈ ایجوکیشن، انٹرپرینیورشپ، انٹرپرینیورشپ اِن ای سی سی، جینڈر اینڈ وویمن سٹڈیز، ہیومن ریسورس مینجمنٹ، سپلائی چین مینجمنٹ، پاپولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ، انٹرنیشنل فنانشل رپورٹنگ سٹینڈرڈز، کریمینالوجی اور ٹیفل شامل ہیں۔
فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو ملک اور بیرون ملک نجی اور سرکاری اداروں میں روزگار کے بہترین مواقع ملیں گے۔یہ ایک سالہ ڈپلومہ پروگرامز ہیں،داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 17فروری، 2025مقرر کی گئی ہے۔ اِن تمام ڈپلومہ پروگرامز کی تفصیلات، داخلہ فارمز اور پراسکپٹسز یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پر فراہم کردئیے گئے ہیں۔اِن پروگرامز سے متعلق معلومات ملک کے 54شہروں میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں،علاقائی دفاتر کے ایڈریسز بمعہ فون نمبرز بھی یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔طلبہ میٹرک تا پی ایچ ڈی سطح کے کسی بھی پروگرام کے داخلوں کی تفصیلات اور معلومات یونیورسٹی کے ہیلپ لائن 111-112-468پر کال کرکے بھی حاصل کرسکتے ہیں۔