07/08/2026
*میڈیا سنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان*
بیت اللہ کے سائے میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کا دفاعی تعاون امتِ مسلمہ کے اتحاد کی جانب اہم پیش رفت ہے: مولانا محمد حنیف جالندھری
اسلام آباد(7 اگست 2026ء)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان بیت اللہ کے سائے میں ہونے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے امتِ مسلمہ کے اتحاد، استحکام اور مشترکہ دفاع کے لیے خوش آئند اور امید افزا پیش رفت قرار دیا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف،فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر،سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد محمد بن سلمان،ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور پاکستان,سعودی عرب اور ترکی کے عوام کواس اہم موقع پرمبارکباد پیش کی_مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ پہلے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی تعاون میں اب ترکی کی شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اہم اسلامی ممالک باہمی اعتماد، اشتراک اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کی طرف بڑھ رہے ہیں_ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو جن داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا ہے، ان کا مؤثر مقابلہ صرف باہمی اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ حکمتِ عملی سے ہی ممکن ہے۔مولانا جالندھری نے کہا کہ یہ تعاون صرف دفاعی شعبے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ تجارت، معیشت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، تحقیق، صحت اور توانائی سمیت تمام اہم شعبوں تک اس کا دائرہ وسیع کیا جانا چاہیے۔ اسلامی ممالک کو اپنے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط، فعال اور مؤثر بلاک تشکیل دینا چاہیے جو امتِ مسلمہ کی اجتماعی قوت کو منظم انداز میں آگے بڑھا سکے۔مولانا محمد حنیف جالندھری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مبارک پیش رفت کو امتِ مسلمہ کے اتحاد، استحکام، امن اور ترقی کا ذریعہ بنائے اور مسلم قیادت کو باہمی اخوت اور اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی توفیق عطا فرمائے۔آمین