08/07/2026
سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کے زیرِ اہتمام سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 کا پہلا مرحلہ 4 تا 8 جولائی 2026 کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں منعقدہ رہائشی سمر کیمپس میں صوبے کے تمام اضلاع سے جماعت ششم تا بارہویں کے تقریباً 2,000 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
پانچ روزہ فیسٹیول کے دوران طلبہ و طالبات کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ شخصیت سازی، قائدانہ صلاحیتوں، تخلیقی سوچ، ٹیم ورک، مباحثے، کہانی نویسی، آرٹ اینڈ کرافٹ، اسکیچنگ، کوئز مقابلے، کھیلوں، شجرکاری، ہائیکنگ اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں عملی شرکت کے مواقع فراہم کیے گئے، جس سے ان کی خوداعتمادی، نظم و ضبط اور باہمی تعاون کے جذبے کو فروغ ملا۔
تمام شرکاء کے لیے معیاری رہائش، حفظانِ صحت کے مطابق خوراک، بہترین سفری انتظامات، طبی سہولیات، فول پروف سکیورٹی اور اساتذہ کی نگرانی کو یقینی بنایا گیا، جبکہ خصوصی اسکول بیگز اور ٹریک سوٹس بھی فراہم کیے گئے۔
یہ منفرد اقدام وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وژن، صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم کی قیادت اور سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم کی نگرانی میں نوجوان نسل کی تعلیم، کردار سازی، قیادت، تخلیقی صلاحیتوں اور عملی زندگی کی مہارتوں کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد رواں ماہ سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں مزید تین مراحل منعقد کیے جائیں گے، جن میں صوبہ بھر سے ہزاروں مزید طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔ یہ فیسٹیول حکومتِ خیبرپختونخوا کے اس عزم کا مظہر ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ایسی تربیت بھی فراہم کی جائے جو انہیں مستقبل کے باصلاحیت، باکردار اور ذمہ دار شہری بنائے۔