28/07/2026
آج کا تبصرہ محمد شعیب کاکاکے نام
تاریخ: 22 جولائی 2026
مدرسے سے باہر نکلا تو ایک خوبصورت منظر نے دل کو خوش کر دیا۔ دیکھا کہ ہمارے مدرسے کے محترم پڑوسی محمد شعیب کاکا مدرسے کی دیوار کو سیمنٹ اور مسالے سے درست کر رہے ہیں۔
میں نے حیرت سے پوچھا: "کیا ہوا؟"
انہوں نے بڑی سادگی سے جواب دیا: "میں لوڈر یہاں سے گزار رہا تھا، اتفاق سے اس کی ٹکر مدرسے کی دیوار سے لگ گئی۔ میں نے سوچا کہ اب اسے خود ہی ٹھیک کر دوں۔"
ان کی یہ ذمہ داری، احساس اور دیانت داری دیکھ کر دل خوشی سے بھر گیا، اور بے اختیار زبان سے اللہ تعالی کا شکر ادا کرنے لگا کہ اس نے مدرسے کو ایسے مخلص اور بااخلاق پڑوسی عطا فرمائے۔
اسلام میں پڑوسی کے حقوق کو بہت اہمیت دی گئی ہے، اور اچھے پڑوسی کی بڑی فضیلت احادیثِ مبارکہ میں بیان ہوئی ہے۔حدیث شریف ہے ۔
’’ جو شخص اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو اسے چاہیے کہ وہ اپنے پڑوسی کے ساتھ حسنِ سلوک کا معاملہ کرے۔(مسلم شریف)
یہی وجہ ہے کہ میں نے یہ منظر خاموشی سے ویڈیو کی صورت میں محفوظ کیا، تاکہ اسے دوسروں تک پہنچایا جا سکے اور ہم سب اس سے سبق حاصل کریں کہ ایک اچھا پڑوسی صرف باتوں سے نہیں بلکہ اپنے کردار سے پہچانا جاتا ہے۔
خاص طور پر مدرسے کے پڑوسیوں کی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے، کیونکہ مدرسہ اللہ کے دین کی خدمت کا مرکز ہے۔ ایسے ادارے کے ساتھ تعاون کرنا، اس کا خیال رکھنا اور اس کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھنا یقیناً باعثِ اجر و سعادت ہے۔
اللہ تعالی محمد شعیب کاکا کو ان کے اس حسنِ عمل کا بہترین اجر عطا فرمائے، ان کے رزق میں برکت دے، اور ہمیں بھی ایسے ہی احساسِ ذمہ داری، امانت داری اور خیرخواہی کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
مدرسہ تبلیغ القرآن چغرزٸی مردان
عباس علی صافی