29/09/2026
*سالکینِ سلسلہ عالیہ نقشبندیہ اور وقوفِ قلبی*
*وقوفِ قلبی*
تصوف اور خصوصاً طریقہ نقشبندیہ کی ایک بنیادی اصطلاح ہے.
*مفہوم اور تعریف*
*دائمی حضوری:* وقوفِ قلبی سے مراد یہ ہے کہ سالک (اللہ کا ذکر کرنے والا) ہر وقت اور ہر لمحہ اپنے دل (قلب) کو اللہ تعالیٰ کی یاد اور اس کی طرف متوجہ رکھے۔
*دل کی کیفیت:* اللہ تعالیٰ کے سامنے حضورِ قلب کی ایسی کیفیت جس میں دل میں اللہ کے سوا کسی اور کا خیال نہ رہے۔
*سلسلہ نقشبندیہ میں اہمیت*
📌 یہ اصطلاح حضرت خواجہ بہاء الدین نقشبند بخاری رحمۃاللہ علیہ کی بتائی ہوئی گیارہ اصطلاحات میں سے ہے۔ اور یہ حدیث نبوی ﷺ سے ثابت ہے *ان تعبد اللہ کانک تراہ فان لم تكن تراہ فانہ یراک۔* اللہ تعالیٰ کی عبادت اس کیفیت سے کریں گویا اللہ تعالیٰ کو دیکھ رہے ہیں اگر یہ کیفیت نہیں بنتی تو اس طرح کی کیفیت سے عبادت کریں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو دیکھ رہے ہیں۔
*نیت وقوفِ قلبی*
ہر آن ہر گھڑی دل میں یہ دھیان رہے کہ میرا اللہ مجھے دیکھ رہا ہے عقیدہ سے یقین تک کا سفر کریں ہمارا عقیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر وقت ہر کسی کو ہر جگہ دیکھتے ہیں کوئی کسی حال میں بھی اللہ تعالیٰ سے چھپ نہیں سکتا اسی عقیدہ کو دل سے یقین کریں کہ اللہ دیکھ رہا ہے۔
📌 نقشبندی سلوک میں اسے باطنی تربیت اور تزکیۂ نفس کے لیے انتہائی اہم سمھجا جاتا ہے۔ جب سالک کو وقوفِ قلبی کی نعمت حاصل ہو جاتی ہے تو خلوت و جلوت برابر ہوجاتی ہے بندہ تنہائی میں بھی گناہ اور اللہ تعالیٰ کی نافرمانی سے محفوظ ہو جاتا ہے۔
*حصول کا طریقہ*
📌 حضرت جی رحمۃاللہ علیہ فرمایا کرتے تھے کہ صبح سے شام تک مسنون دعاؤں اور اذکار کا اہتمام کرنے سے وقوفِ قلبی کی کیفیت حاصل کرنے میں بڑی مدد ملتی ہے۔
*وقوفِ قلبی کا مقصد* دینی مصروفیات ہو یا دنیاوی کام کسی حال کے دوران بھی دل کو غافل نہ ہونے دینا اور باطنی طور پر اللہ سے جڑے رہنا ہے
*🖋️ دست بکار دل بیار*
یعنی ہاتھ کام کاج میں مصروف اور دل اللہ رب العزت کی یاد میں مشغول۔
*فائدہ*
اس کا ایک فائدہ یہ کہ گناہوں سے زندگی پاک ہو جاتی ہے اور اعمال میں اخلاص و للہیت نصیب ہوجاتی ہے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو یہ نعمت عطاء فرمائیں آمین۔
*والسلام*
فقیر ثناءاللہ احمد نقشبندی مجددی
خانقاہ معھدالسالکین نقشبندیہ لیہ