12/09/2026
وزیر اعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026ء کے لئے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی۔ رجسٹریشن کا عمل 20 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت کمیٹی روم میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر، اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر اویس سرور، اسسٹنٹ کمشنر لیہ زوہیب کریم، سی ای او صحت ڈاکٹر شاہد ریاض، ڈی ڈی کالجز ذوالفقار حیدری، ڈی ای او گل شیر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امتیاز بھٹی، انچارج سیکورٹی برانچ اسماعیل میرانی، ٹی ایس او مرینہ رفیق و دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز کے تحت ہمہ قسمی کھیلوں کے مقابلے 27 ستمبر سے منعقد ہوں گے جو یونین کونسل کی سطح سے شروع ہو کر تحصیل، ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح تک جاری رہیں گے مختلف سطحوں پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے لاکھوں روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں۔ یوتھ گیمز میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کے علاوہ دینی مدارس، سپیشل طلبہ بھی حصہ لے سکیں گے۔ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل 20 ستمبر تک جاری رہے گا اور تمام متعلقہ اداروں کو زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے بہترین مواقع فراہم کرنے اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔ یونین کونسل کی سطح سے شروع ہونے والے مقابلوں کے ذریعے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ کھیلوں کے میدان نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ضلع لیہ سے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز میں رجسٹریشن کے لئے اس لنک کے کے ذریعے
https://youthgames.punjab.gov.pk/
رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے۔