22/09/2026
22ستمبر 2026: 📢 مدارس کے بینک اکاؤنٹس کا دیرینہ مسئلہ حل کی جانب اہم پیش رفت
متحدہ مدارس کونسل پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے MCB اسلامک بینک اسلام آباد کی مرکزی برانچ کا دورہ کیا، جہاں بینک کے سینئر ذمہ داران نے وفد کا استقبال کیا اور مدارس کے بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وفد میں علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی، کوآرڈینیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی حکومتِ پاکستان، علامہ ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری، ترجمان متحدہ مدارس کونسل پاکستان، ڈاکٹر سید ضیاء اللہ شاہ بخاری اور علامہ مفتی محمد زبیر فہیم شامل تھے۔
بینک حکام نے بتایا کہ اسلام آباد میں DGRE کے تحت رجسٹرڈ 90 فیصد مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں۔ اکاؤنٹ کھولنے کے لیے انتہائی آسان طریقۂ کار وضع کیا گیا ہے، جس کے تحت DGRE کی رجسٹریشن کی بنیاد پر مدارس کو بینک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
متحدہ مدارس کونسل کے قائدین نے اس اہم پیش رفت پر MCB اسلامک بینک کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر قومی سلامتی کے اداروں، حکومتِ پاکستان اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
قائدین نے کہا کہ مدارس کے بینک اکاؤنٹس کے دو دہائیوں پر محیط دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب یہ پیش رفت متحدہ مدارس کونسل کے اتحاد، استقامت اور مسلسل جدوجہد کا ثمر ہے۔ امید ہے کہ اسی طرز پر ملک کے دیگر صوبوں میں بھی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کا مسئلہ حل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
متحدہ مدارس کونسل پاکستان — اتحاد، استقامت اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ مدارس کے جائز حقوق کے لیے کوشاں۔