21/03/2026
قباء اسلامک سنٹر میں نمازِ عیدالفطر کا روح پرور اجتماع ہزاروں افراد کی شرکت کے ساتھ منعقد ہوا۔
مقررہ وقت سے قبل ہی پنڈال بھر گئے، جبکہ شدید رش کے باعث وسیع کارپارکنگ بھی ناکافی محسوس ہونے لگی۔
بارش کی آنکھ مچولی کے باوجود انتظامات میں دشواری پیش آئی، مگر قباء ٹیم نے مستعدی کے ساتھ رات بھر خدمات سرانجام دیں اور بہترین نظم برقرار رکھا۔
خطبۂ عیدالفطر کا مرکزی پیغام یہ تھا کہ رسول اللہ ﷺ کو سب سے زیادہ خوشی کسی کے ہدایت پا لینے پر ہوتی تھی۔
عکرمہ بن ابی جہلؓ کے قبولِ اسلام، سیدنا ابوہریرہؓ کی والدہ کے ایمان لانے، اور کعب بن مالکؓ کی توبہ کی قبولیت—یہ وہ مواقع تھے جن پر نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرامؓ کو بے پناہ خوشی حاصل ہوئی۔
اسی تناظر میں بیان کیا گیا کہ رمضان المبارک مغفرت کا مہینہ ہے، جس میں اللہ تعالیٰ بے شمار خوش نصیبوں کو جہنم سے آزادی عطا فرماتا ہے، اور اسی عظیم نعمت کی خوشی میں عیدالفطر کا دن عطا کیا گیا۔
اختتام پر امتِ مسلمہ کی بھلائی، مظلوم مسلمانوں کی مدد، مسلمانوں کے اتحاد، اور کفار و مشرکین کے شر سے حفاظت کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔