10/07/2026
ڈائریکٹر کالجز سرگودھا ڈویژن، پروفیسر ڈاکٹر ناہید ناز نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے تعلیمی وژن اور وزیرِ تعلیم پنجاب محترم رانا سکندر حیات کی قیادت ،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن غلام فرید اور ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر سید انصر اظہر کے احکامات اور سپر وژن میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نوجوانوں کو معیاری، جدید اور آسان تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ پری فرسٹ ایئر انرولمنٹ مہم اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کا بنیادی مقصد نئے طلبہ و طالبات کو بروقت رہنمائی فراہم کرنا، داخلہ کے عمل کو آسان، شفاف اور طالب علم دوست بنانا اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری کالجز کی جانب راغب کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن کے تمام سرکاری کالجز میں پری فرسٹ ایئر انرولمنٹ ڈیسک فعال انداز میں کام کر رہے ہیں، جہاں داخلہ کے خواہشمند طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو مضامین کے انتخاب، داخلہ پالیسی، میرٹ، وظائف، سہولیات اور تعلیمی پروگرامز کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر طالب علم ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اس بات کے لیے پُرعزم ہیں کہ کوئی بھی اہل طالب علم معلومات یا رہنمائی کی کمی کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے۔
پروفیسر ڈاکٹر ناہید ناز نے مزید کہا کہ سرکاری کالجز نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ بہترین اساتذہ، جدید تدریسی ماحول، ہم نصابی سرگرمیوں، ڈیجیٹل سہولیات، طلبہ دوست پالیسیوں اور کردار سازی کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انھوں نے کالج سربراہان، اساتذہ اور داخلہ ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ خوش اخلاقی، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کے ساتھ ہر آنے والے طالب علم کی رہنمائی کریں اور داخلہ مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
انھوں نے والدین اور طلبہ و طالبات سے اپیل کی کہ وہ سرکاری کالجز پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے روشن مستقبل کے لیے بروقت داخلہ حاصل کریں، کیونکہ معیاری تعلیم ہی ترقی یافتہ پنجاب اور مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے۔