19/01/2023
*کال کرنے کے آداب*
تحریر: اختر کریم
ہمیں مختلف اوقات میں مختلف لوگوں کو کال کرنی پڑتی ہے جو وائس یا ویڈیو کال بھی ہو سکتی ہے۔ عام طور پر وائس کال، ٹیکسٹ میسیجز اور وائس میسجز استعمال کرنے کا زیادہ رجحان ہے لیکن بعض اوقات ہمیں ویڈیو کال بھی کرنی پڑتی ہے کال کرنے سے پہلے اگر مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کیا جائے تو سب کے لئے آسانی پیدا ہو سکتی ہے
وائس کال اور ویڈیو کال کی کئی قسمیں ہیں جو کہ مندرجہ ذیل ہیں
1. Emergency Call
2. Routine Call
3. Courtesy Call
4. Commercial Call
5. Business Call
6. Feedback Call
7. Complaint Call
8. Gup Shup Call
9. Miscellaneous Calls
10. Fake & Obnoxious Calls
کال یا تو آپ خود کرتے ہیں یا آپ کو ریسیو ہوتی ہیں ان تمام کالز کے لیے الگ الگ طریقہ کار اور اوقات کار ہیں جن پر عمل کرنے سے کالرز اور رسیور دونوں کے لئے آسانی پیدا ہوتی ہے اور کال کی اثر انگیزی بھی قائم رہتی ہے۔
ایمرجنسی کال کا نہ تو کوئی مخصوص طریقہ کار ہے اور نہ ہی وقت کیونکہ ایمرجنسی کال کا مطلب ہی یہی ہے ایمرجنسی کال کی مختلف صورتیں ہو سکتی ہیں مثلآ کسی حادثے کی خبر، کسی کی موت کی خبر یا کوئ ہنگامی صورتحال وغیرہ۔ اگر آپ کسی کو ایمرجنسی کال کر رہے ہیں تو اس بات کا اطمینان کر لیں کہ آپ نے صحیح نمبر ڈائل کیا ہے اور کیا کہنا ہے۔ ایمرجنسی کال کرنے کی صورت میں ہمیشہ پہلے اپنا نام اور جگہ کا نام بتائیں یہ تصور نہ کریں کہ آپ جسے کال کر رہے ہیں اسکے پاس آپ کا نمبر موبائل میں پہلے سے موجود ہے خاص طور پر اگر آپ کسی کو رات کے وقت فون کر رہے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ فون اٹینڈ کرنے والے شخص نے آپ کا نام دیکھے بغیرفون اٹینڈ کیا ہو اس لیے یہ اطمینان کر لیں کہ آپ کو پہچان لیا گیا ہے اس کے بعد انتہائی مختصراً اپنا مدعا بیان کریں ایمرجنسی کال کی صورت میں بات کو لمبا مت کریں۔
کسی حادثے سے یا اس طرح کی کسی اور ایمرجنسی کال رسیو ہونے کی صورت میں بہتر یہ ہے کہ کسی اور ذرائع سے بھی اس کی تصدیق کر لی جائے کیونکہ کہ کچھ جعل ساز اس طرح کی جھوٹی کال کر کے کوئی فراڈ کر سکتے ہیں۔
گھر، خاندان یا آفس وغیرہ میں کسی ممکنہ ایمرجنسی کی صورت میں اپنے موبائل کو کبھی بھی سائلنٹ موڈ میں مت رکھیں تاکہ بر وقت کال اٹینڈ کی جا سکے۔ نیز ایک متبادل نمبر بھی دے کر رکھیں۔
آپ جب بھی کسی کو نارمل فون کریں تو وقت کا خاص طور پر خیال رکھیں یہ اس بات پر بھی منحصر ہے کہ آپ نے کال کیوں کی ہے ایمرجنسی کے علاوہ نارمل حالات میں کال کی جا رہی ہے تو اس بات کا خیال رکھیں کہ کال ریسیو کرنے والا شخص ڈرائیونگ نہ کر رہا ہو، کھانے کے اور نماز کے اوقات میں کال مت کریں، رات کو دیر سے کال مت کریں اگر آپ کو اس شخص کی روٹین/ معمولات کا علم ہے تو اسے مدنظر رکھتے ہوئے کال کریں۔ کال اٹینڈ ہونے کی صورت میں بہتر ہے کہ یہ پوچھ لیا جائے کہ آپ اس وقت کہاں ہیں اور کیا آپ بزی تو نہیں یا کیا آپ سے بات ہو سکتی ہے ؟ اجازت ملنے کی صورت میں اپنی بات کی جائے۔
اپنے باس اور سینئیر کو فون کرنے سے پہلے اگر ایمرجنسی نہ ہو تو بہتر ہے کہ میسج کر کے اجازت لے لی جائے تاہم میسج کا جواب نہ آنے کی صورت میں کال کر لی جائے کیونکہ کئی دفعہ میسج وقت پردیکھا نہیں جاتا۔ بات مکمل ہونے کی صورت میں پہلے باس/سینئیر کو کال منقطع کرنے دیں۔
عام حالات میں کال کرنے کی صورت میں یا کال اٹینڈ کرنے کی صورت میں پہلے سلام کیجئے۔ اگر باس/سینئیر کی کال اٹینڈ کرنے کی پوزیشن میں نہ ہوں تو کال کاٹنے سے بہتر ہے کہ فون کا آن/آف والا بٹن پریس کر دیا جائے اسطرح فون سائلنٹ موڈ میں چلا جائیگا۔ فارغ ہونے کے فوراً بعد کال کر لیں۔
بزنس و کاروباری کال کے دوران ذاتی و نجی باتوں سے پرہیز کریں۔
کمرشل کال اٹینڈ کرنے کی صورت میں کبھی بھی اپنی ذاتی معلومات ہرگز نہ دیں اور شک ہونے کی صورت میں بہتر ہے کہ کال منقطع کر دیں۔
اگر آپ کو کسی ایسے جاننے والی کی کال آتی ہے جس کا نمبر پہلے سے آپ کی فون بک میں موجود ہے لیکن آپ اس آواز کو پہچان نہیں پا رہے تو بہتر ہے کہ کال بند کرکے دوبارہ اس شخص کو فون کریں اور کچھ سوالات پوچھ کر تسلی کریں اور پھر بھی شک ہو تو کسی اور کو فون کرکے اس کے بارے میں معلوم کریں موبائل چھیننے یا گم ہونے یا اس شخص کے اغوا ہونے کی صورت میں ایسا ہو سکتا ہے۔ یا spoofing کے زریعے کسی کا موبائل نمبر استعمال ہو سکتا ہے۔
کال کے دوران اگر آپ کو محسوس ہو کہ سامنے والا مصروف ہے تو بہتر ہے کہ صرف ضروری بات کرکے کال بند کر دی جائے بعض اوقات لوگ مروت میں منع نہیں کرتے لیکن آپ کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے ۔
باس اور سینئرز کو بھی اپنے جونیئرز کو کال کرتے وقت اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ وہ اس وقت کہاں پر موجود ہیں اوران کے اردگرد کا ماحول بات کرنے کے لئے سازگار ہے یا نہیں کیونکہ عام طور پر لوگ باس کا فون فورا اٹینڈ کر لیتے ہیں چاہے وہ بات کرنے کی پوزیشن میں نہ بھی ہوں
کسی کی کال ریکارڈ کرنا نہ صرف غیر قانونی بلکہ غیر اخلاقی اقدام ہے کسی بھی ریکارڈ شدہ کال کو کسی دوسرے کو ہرگزفارورڈ نہ کریں یا سوشل میڈیا پر وائرل نہ کریں یہ ایک جرم ہے.
اسی طرح کسی کا وائس میسج اسکی اجازت کے بغیر آگے کسی کو مت بھیجیں۔ تقریباً تمام جدید موبائل فونز میں کال ریکارڈ کرنے کی سہولت موجود ہوتی ہے اس بات کا خیال رکھیں کہ اگر آٹو ریکارڈنگ آن ہے تو تمام کال آپکے موبائل سیٹ میں ریکارڈ ہوتی رہیں گی اور کسی دوسرے کے ہاتھ لگ سکتی ہیں۔ فون ریپرنگ کے لئیے دینے سے پہلے تمام کال ریکارڈ ڈیلیٹ کریں۔
آپکی کال مندرجہ ذیل جگہوں پر ریکارڈ اور انہی جگہوں سے لیک ہو سکتی ہے؛
1۔ آپکے اپنے موبائل فون میں
2۔ جسے آپ کال کر رہے ہیں اسکے موبائل فون میں
3۔ نیٹ ورک کے ڈیٹا بیس میں
4۔ دورانِ ٹرانسمیش کسی بھی ایسی جگہ جہاں کوئ اسپیشل equipment موجود ہو۔
5۔ اس مقام پر کسی Bugging device میں تاہم اس میں صرف آپکی یکطرفہ آواز ریکارڈ ہوگی۔
گپ شپ کال عام طور پر قریبی دوستوں اور عزیزوں کو کی جاتی ہے اس دوران اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کوئ اہم اور سیکرٹ بات ڈسکس نہ کی جائے اور ارد گرد کے ماحول کا خیال رکھا جائے۔
*چند ضروری ہدایات*
1۔ کسی بھی صورت میں دوران ڈرائیونگ فون استعمال نہ کریں۔
2۔ وائس میسج اور کال کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کے بیک گراؤنڈ میں شور موجود نہ ہو
3۔ بغیر اجازت یا پیشگی اطلاع کے بغیر کبھی بھی کسی کو ہر گز ویڈیو کال مت کریں جب تک کہ پہلے سے طے شدہ نہ ہو کیونکہ آپ نہیں جانتے کہ آپ جس شخص کو ویڈیو کال کر رہے ہیں وہ اس وقت کس حالت میں ہے۔
4۔ کمپلین یا فیڈبیک کال کرنے سے پہلے بہتر ہے کہ متعلقہ ڈیٹا لکھ لیا جائے جیسے شناختی کارڈ نمبرز، میٹر نمبر وغیرہ۔
5۔ اگر کسی دوسرے کو کال/میسج کرنے کے لئے فون دینا پڑے تو اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ کال فارورڈ کا کوڈ نہ ڈائل کر لے اسطرح آپکی کال اسکے نمبر پر فارورڈ ہو جائینگی۔
6۔ موبائل فون پر گفتگو کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ آپکی کال کہیں نہ کہیں ریکارڈ ہو رہی ہے۔
7۔ اپنے ذاتی کوائف کسی بھی صورت میں فون پر کسی کو نہ دیں۔
8۔ کسی کو مذاق میں حادثے کی خبر نہ دیں۔
9۔ رانگ کال آنے کی صورت میں لمبی بات نہ کریں۔
10۔ غیر ضروری میسیجز کے جوابات مت دیں۔
11۔ خواتین رانگ کال آنے والے نمبر فوری طور پر بلاک کر دیں اور کسی میسیج کا جواب نہ دیں۔
12۔ دھمکی آمیز فون کو ریکارڈ کریں اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
13۔ انعامی اسکیم اور انعامات نکلنے والی تمام کالز کو جعلی سمجھیں چاہے کوئی جتنا بھی یقین دلائے۔
14۔ فیسبک میسنجر یا اسطرح کے دوسرے میسنجرز سے آنے والی کالز اور میسیجز میں موجود ہدایات پر عمل نہ کریں۔ خاص طور پر جب کوئ پیسے مانگے۔
15۔ اگر کوئی آپ سے کسی کا نمبر مانگے (خاص طور پر کسی خاتون کا) تو اجازت لیئے بغیر مت دیں۔
16۔ اگر آپ سے غلط نمبر مل جائے تو معذرت کئے بغیر فون منقطع مت کریں۔
17۔ موبائل فون کا "کی پیڈ" ہمیشہ لاک رکھیں ورنہ بعض اوقات اتفاقیہ کال مل جاتی ہےاور آپکی گفتگو کوئ دوسرا سن سکتا ہے۔ اگر آپ کو ایسی کال موصول ہو تو فوراً کال منقطع کر دیں۔ دوسری طرف کی گفتگو سننا غیر اخلاقی بھی ہے اور وقت کا ضیاع بھی۔
18۔ سفر پر جانے سے پہلے بیلنس اور چارج کا خیال رکھیں۔
19۔ ضروری کالز کے دوران بہتر ہے کہ ضروری باتوں کو ڈائری پر نوٹ کر لیا جائے۔
20۔ دورانِ گفتگو اپنی آواز اتنی رکھیں کہ دوسری طرف والا آسانی سے سن سکے اور آپکے ساتھ والے ڈسٹرب نہ ہوں نیز پرائویسی بھی قائم رہے۔
21۔ کال کے دوران کوشش کریں کہ کسی دوسرے سے گفتگو نہ کریں اسطرح آپ کی کسی بات میں غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔
22۔ کال منقطع کرنے سے پہلے اطمینان کر لیں کہ آپ کی بات کو سامنے والے نے مکمل طور پر سمجھ لیا ہے۔
23۔ کچھ لوگ کال کرنے یا اٹینڈ کرنے کے بعد منقطع کئے بغیر فون رکھ دیتے ہیں اسطرح آپکی نجی گفتگو دوسری طرف والا سنتا رہتا ہے۔ کال کرنے یا اٹینڈ کرنے کے بعد اطمینان کر لیں کہ کال ڈسکنیٹ ہوچکی ہے۔