23/09/2026
دینی مدارس اور جامعات میں رائج تخصص فی الفقہ اور تخصص فی الاقتصاد کے طلبائے کرام کو مطالعاتی وزٹ کےلئے پاکستان اسٹاک ایکسچنج ،اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر مالیاتی اداروں کے دفاتر کا وزٹ کرانے لے جانا مفید ہے ۔
۔
کبھی کبھی انہیں کےالیکٹرک کے دفتر کا بھی مطالعاتی وزٹ کرانا چاہئے ، وہ دیکھیں، کیسے غریب لوگ ،مفلوک الحال ،مسکین سی صورت بنائے دفتر والوں کی منتیں کر رہے ہوتے ہیں، صاحب 60000بل آیا ہے صرف ایک ٹیوب لائٹ اور پنکھا چلتا ہے پھر بھی بل 60000آیا ہے کچھ کم کیجئے ،کچھ رحم کیجئے ۔
۔
بوڑھے لوگ رو رہے ہوتے ہیں کرائے کا گھر ہے ،کمانے والا ایک ہی ہے ،چھوٹے چھوٹے بچے ہیں بِلْ اووَرْ آیا ہے، کیسے مینٹیننس ہوگا ؟
۔
مستقبل کے ان علمائے کرام کو کبھی جناح ،کارڈیو اور ایس آئ یو ٹی کے مطالعاتی وزٹ پر بھی لے جائیے وہ دیکھیں کیسے ہاسپٹل عملہ کی مریضوں سے بے رخی برتتے ہیں ۔
۔
مریضوں کے ساتھ آنے والے لوگوں کے چہروں کی بےبسی ،اُن کے اترتے چہرے خود غور سے دیکھیں ۔شاید طلباء کا دل تڑپ جائے ،امت کا درد اُن کے دل میں پیدا ہوجائے ۔
۔
سندھ ،پنجاب اور بلوچستان میں بزگری کرنے والے کسانوں کا احوال ،ان کی جان توڑ محنت بھی طلباء کو دکھائیے۔ کھاد ،بیج ،اور فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لئے اسپرے، ادویات کی قیمتیں اور فصلوں پہ آنے والا خرچہ بھی طلبائے کرام کو بتائیے اور آگاہ کیجئے کہ مارکیٹ میں جب گندم کی فصل پہنچتی ہے تو بیوپاری ملی بھگت کے ذریعے ریٹ کم کر دیتے ہیں ،گندم کو خریدنے والا کوئی نہیں ہوتا اور کسان اونے پونے داموں اناج بیچنے پہ مجبور ہوتا ہے ۔
۔
لگژری اپارٹمنٹ میں جدید سہولیات سے آراستہ پیراستہ آفس میں بیٹھ کر ،اے سی کی ٹھنڈی ہواؤں کے مزے لےکر ،لیپ ٹاپ کھول کر ڈیلی جنگ ،ڈی ڈبلیو اردو ،بی بی سی اردو سروس ، سے خبریں پڑھنے ،آرٹیکلز دیکھنے کے بعد کسی کمپنی کے متعلق فتویٰ لکھنا اور ہے جبکہ اپنی آنکھوں سے مسکینوں ،غریبوں کی بدحالی ،بےچارگی دیکھ کر قرآن وسنت اور فقہِ اسلامی کا مطالعہ کرنا اور ہے ۔
۔
ایماندار اور غیرتِ دینی رکھنے والا شخص سیاسی اور عسکری گِدھوں کا چہرہ دیکھنا بھی گوارا نہیں کرتا ۔وہ کیسے لوگ ہیں جو عوامِ مسلمین کو نوچ نوچ کر کھانے والے سیاسی اور عسکری گِدھوں کی تعریفات کرتے نہیں تھکتے ۔
۔
دعوتِ دین اور اعلائے کلمۃ الحق کےلئے فاسقوں کے پاس جانے کی شرعاً بالکل اجازت ہے۔لیکن آگے بڑھ کر انکے جنازے پڑھنے ،اور انکی مغفرت کی لمبی دعائیں مانگنے سے پرہیز کیجیے۔
۔
✍️ محمد عظیم کھوسہ
15/08/2024/