21/09/2026
ضلع ہنگو میں خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 6 شہداء کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کُنڈی، کور کمانڈر پشاور، شہداء کے لواحقین اور سینیئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو میں خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے 6 شہداء میں کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر، سپاہی شکیل احمد، سپاہی حمزہ، سپاہی محمد عثمان عزیز اور نان کمبیٹنٹ غلام سجاد شامل ہیں۔
شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے ہیں، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دفاع وطن کے لیے شہداء کی لازوال قربانیاں سیکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 8 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، جبکہ کارروائی کے دوران پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے تھے