16/08/2026
ہم منطق کے نہیں بلکہ ظاہری دلکشی کے غلام ہیں۔ انسان بنیادی طور پر عقلیت پسند مخلوق نہیں ہے، بلکہ وہ خواہش، جذبے اور تسکین کا غلام ہے۔ ہم اکثر یہ گمان کرتے ہیں کہ ہمارے فیصلے، افکار اور افعال منطق اور سچائی کی کسوٹی پر پورا اترتے ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ زندگی کا بیشتر سفر اس اصول پر طے ہوتا ہے کہ کون سی چیز ہمیں اپنے ظاہر میں زیادہ دلکش، تسلی بخش اور خوبصورت محسوس ہوتی ہے۔
“اگر تم کسی لال بیگ کو کچل دو تو لوگ تمہیں فاتح سمجھتے ہیں، لیکن اگر تم کسی تتلی کی زندگی ختم کر دو تو تمہیں سنگدل قرار دیا جاتا ہے؛ دراصل اخلاقیات کے فیصلے اکثر جمالیاتی معیار پر ہوتے ہیں۔ “
حشرات کی دنیا میں لال بیگ اور تتلی دونوں بائیولوجیکل اعتبار سے ایک ہی حیثیت رکھتے ہیں، لیکن ایک کا خاتمہ تحسین کے قابل ٹھہرتا ہے اور دوسرے کا نقصان جرم بن جاتا ہے۔ یہ تضاد واضح کرتا ہے کہ انسان کا اخلاقی معیار شے کی باطنی حقیقت یا عدل کے بجائے ظاہری خوبصورتی کا مرہونِ منت ہے۔
ہم سچ کے چہرے پر اپنی پسندیدہ خواہشات کا نقاب اوڑھ کر اسے تسلیم کرتے ہیں اور اپنے فیصلے دلیل کے بجائے جاذبیت کی بنیاد پر ڈھال لیتے ہیں
اس رویے کا سب سے خوفناک پہلو وہ فکری اندھیرا ہے جو انسان کو اپنی ہی دنیا کا اسیر بنا دیتا ہے۔ بدترین قسم کی جہالت یا اندھا پن یہ نہیں کہ انسان دیکھ نہ سکے، بلکہ یہ ہے کہ وہ اپنے مخصوص زاویہ نظر کو ہی آخری اور واحد سچائی تسلیم کر لے۔ جب کوئی فرد یہ فرض کر لیتا ہے کہ کائنات کو دیکھنے کا جو روزن اس نے منتخب کیا ہے، حقیقت صرف وہی ہے، تو وہ شعور کی تمام روشن راہوں کو خود اپنے ہاتھ سے بند کر دیتا ہے۔ یہ تعصب انسان کو دوسروں کا نقطہ نظر سمجھنے کی صلاحیت سے محروم کر دیتا ہے اور وہ خود ساختہ سچائیوں کی ایک ایسی جیل میں قید ہو جاتا ہے جہاں کی دیواریں اس کی اپنی انا اور تحکم سے مل کر بنتی ہیں۔
حقیقی بصیرت اور فلسفیانہ فکر کی بنیاد ہی اس اعتراف پر قائم ہے کہ ہماری بینائی محدود ہے اور کائنات کی سچائی ہمارے مشاہدے سے کہیں زیادہ وسعت رکھتی ہے۔ جب تک انسان اپنی سوچ کو لچکدار بنانے اور اپنے زاویہ نظر کی حد بندیوں کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا، وہ سچائی کا ادراک حاصل نہیں کر سکتا۔
مختلف نقطہ ہائے نظر کو سمجھنا اور اپنی تسلیم شدہ حقیقت پر سوال اٹھانا ہی وہ واحد راستہ ہے جو انسان کو خوفناک تعصبات سے نکال کر وسعتِ نظر اور فکری آزادی کی طرف لے جاتا ہے۔اگر ہم منطق Logic کو نظر انداز کر کے صرف نظر آنے والی خوبصورتی اور اپنے ذاتی نقطہ نظر پر ہی اصرار کرتے رہے، تو ہماری فکری پرواز محض ایک دھوکا بن کر رہ جائے گی اور ہم سچائی کی تلاش میں بھٹکتے رہیں گے۔