23/08/2025
رات کا دوسرا پہر،سناٹے کا راج
اور محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گھر کے گرد ہتھیار بردار دشمنوں کا پہرہ ہے۔دشمنان دین کا ناپاک ارادہ اج رات ہی (نعوذ باللہ) اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قتل کر کے سارے "فساد "کو ختم کرنے کا ہے۔اللہ تعالٰی اپنے"محبوب "کو وحی کے ذریعہ ہجرت کا اذن دیتا ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم "یار غار " ہونے والے دوست ابو بکر صدیق رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کے ہمراہ مکہ سے نکل رہے ہیں اور شہر کے اخری کونے پر پہنچ کر ایک اداس نظر شہر پر ڈال کر فرماتے ہیں "قسم ہے مجھے تجھ سے بہت محبت ہے مگر تیرے بیٹے مجھے یہاں رہنے نہیں دیتے "
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ان مقدس الفاظ میں چھپا "دکھ اور کرب "وہی جانے گا جس نے واقعی "ہجرت " کی ہو گی۔
اج کل سوشل میڈیا پر ایک "مذاق " بہت پسند کیا جا رہا ہے کہ " کاش دادا جان تقسیم برصغیر کے وقت لندن جانے والی ٹرین پر بیٹھ جاتے "
یہ بظاہر ایک "میم " ہے مگر اس کی اصل حقیقت جاننی ہے تو کسی ایسے بزرگ کے پاس بیٹھنا اور "تقسیم کے دکھ " سننا " ہوں گے جو اس "ہجرت " کا خود بھی "شکار " ہوا ہو۔
ہمارے اکثر نوجوان اپنے پیدائشی بچپن کے "محلے " کو چھوڑ کر دوسرے اور خاص کر "دور دراز علاقے ", میں گھر بدلنا نہیں چاہتے کے انہیں "اپنے محلے کے علاوہ کہیں رہا نہیں جاتا" اور تقسیم کی ہجرت کا مذاق ؟
اگر "ہجرت"اور خاص کر "اللہ کے دین کو بچانے کے لئے کی جانے والی ہجرت " خاص فعل نا ہوتی تو قران اور حدیث میں اس کا "اجر بھی اتنا عظیم نا ہوتا"
جن لوگوں نے اپنے آباو اجداد اس زمین میں دفنائے ہوں،جن کی پیدائش اسی زمین پر ہو،جن کے سنگی ساتھی اسی سرزمین کے ہوں،جن کی محبتیں اسی زمین پر پروان چڑھی ہوں،جن کے عزیز رشتے دار اسی زمین کے باسی ہوں،جن کی دولت،جائیداد ،نوکری،کاروبار سب کچھ اسی زمین پر ہو اور ان سے کہا جائے "لا الہ الااللہ کی بنیاد پر دوسری زمین پر بس جاو اور اپنی دنیاوی ساری چیزیں یہیں چھوڑ جاو "تو ایسے "مہاجرین " پر کیا گذری ہو گی اس کا "کرب " یہ "میمز "بنانے والے کیا جانیں۔
ایسے کتنے ہی "بزرگ مہاجرین "نظروں سے گذرے ہیں جنہیں دم آ خر بھی اپنے "ابائی وطن" دوبارہ جانے کی "حسرت "رہی۔
اپنے ابائی وطن کو چھوڑنے کا غم ان کی "جان لے گیا"۔شعراء اپنے "ہجرت کے دکھ "اشعار میں ڈھالتے رہے ،وہ لوگ جو ہجرت کے وقت جوان تھے بڑھاپے تک ہجرت کی "داستانیں " سناتے رہے،کسی کا بوڑھا دادا اپنی "جنم بھومی "کو یاد کرتے کرتے قبر میں اتر گیا اور پوتا "لندن والی ٹرین کا "طعنہ "دے رہا ہے۔
اج کی نسل "وقتی ملکی مسائل "کا حل صرف "پاکستان چھوڑنا "سمجھتی ہے مگر اسے احساس ہی نہیں کے "ہجرت "کا دکھ اور کرب کیا ہوتا ہے۔
ہجرت میں کیا کیا چھوڑنا پڑتا ہے۔ہجرت میں کیسے کیسے انمول لوگ چھوٹ جاتے ہیں۔ہجرت میں کیا کیا رہ جاتا ہے۔ہجرت میں کون کون پیچھے چھوٹ جاتا ہے۔
اللہ پاک کسی کو بھی "ہجرت کی اذیت نا سہنے دے "امین۔
دعا کیا کیجئے "اللہ پاک اپنے وطن،اپنی زمین،اپنی مٹی میں ہی رہنا،جیون گذارنا اور یہیں دفن ہونا نصیب فرمائے۔
امین۔
ثمہ امین۔
وما علینا الاالبلاغ ۔