18/09/2022
📗 فضائل اعمال.
اس عظیم کتاب کے لکھنے والے اپنے وقت کے عظیم محدث اور قطب العالم ہیں جن کو دنیائے انسانیت شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلوی ثم مہاجر مدنی رحمہ اللہ (مدفون بالبقیع 1982ء) کے نام سے جانتی ہے، آپ کے علوم میں تعمق اور فنون میں تدقق کو گوگلی مفکرین اور فیس بکی مفکرین کیا جانیں؟ ان کو تو علوم نبویہ علی صاحبہا الصلوات والتسلیمات کی الف بے کی بھی خبر نہیں، یہ وہ عظیم کتاب ہے جو چھ بر اعظم میں پڑھی جاتی ہے، اس کتاب کا 60 سے زائد زبانوں میں ترجمہ کیا جاچکا ہے، عرب دنیا میں اردن کے علماء جو دعوت دین میں پاکستان کے علماء کی مانند ہیں، اس کتاب کو حرز جان قرار دیتے ہیں اور اس کا عربی ترجمہ پڑھتے ہیں، یہ عظیم الشان کتاب قرآنی آیات، احادیث صحاح ستہ اور دیگر کتب احادیث سے مرتب کردہ ہے۔
یہ کتاب اہم اعمال کے فضائل پر مشتمل ہے، ساتھ ساتھ ان اعمال کے ترک پر مواعید بھی مذکور ہیں، اس کتاب میں 7 رسائل ہیں :
*📓 حکایات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم*
12 اہم مضامین کے تحت مختلف واقعات و صفات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور عظمت و محبت صحابہ رضی اللہ عنہم پر مشتمل بہترین ایمانی رسالہ ہے۔
*📓 فضائل قرآن*
40 احادیث کا ایسا مجموعہ جس کے تحت کئی اہم فوائد حدیثیہ مرقوم ہیں، جن میں قرآن کریم کی تلاوت، آداب، فضائل، حفاظ کے لئے انعامات، روز پڑھنے والی چند سورتوں کے خواص مذکور ہیں۔
*📓 فضائل نماز*
لوگ تین طبقات پر منقسم ہیں :
¹ نماز میں کوتاہی کرنے والے
² جماعت میں غفلت کرنے والے
³ خشوع خضوع میں نقص والے
تینوں طبقات کے لئے الگ الگ فصل میں اہتمام پر فضائل و ترغیب اور ترک پر وعید و ترہیب کا ذکر ہے۔
*📓 فضائل ذکر*
اللہ تعالی کا ذکر کرنا، کلمہ طیبہ کا ورد کرنا، سوئم کلمہ اور تسبیح نماز پڑھنا، یہ ایمان والے کے لئے حلاوت کا سبب ہیں، اس پر قرآنی آیات و احادیث نبویہ بڑا ذخیرہ ہے۔
*📓 فضائل رمضان*
ماہ رمضان کے آداب و فضائل، سحر و افطار، صیام و قیام، تراویح و اعتکاف پر مشتمل بہترین رسالہ ہے۔
*📓 فضائل تبلیغ*
امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا مفہوم، کرنے پر ترغیب، نہ کرنے پر ترہیب، اخلاص و اکرام، حقوق و اصلاح نفس، معرفت اہل حق، تعظیم مشائخ و علماء پر مشتمل اہم مضامین ہیں!
*📓 موجودہ پستی کا واحد علاج*
اس وقت امت کن حالات سے دوچار ہے، ان حالات سے نکالنے کے لئے نبوی تعلیمات، دینی ہدایات، دعوتی ارشادات اور تبلیغی اصول و ضوابط مذکور ہیں، یہ ایک رسالہ حضرت مولانا احتشام الحسن کاندھلوی رحمہ اللہ کا لکھا ہوا ہے۔
اس جیسی عظیم کتاب پر خامہ فرسائی اور قلم کشائی کرنے والے پہلے اللہ تعالی سے ڈریں، اللہ تعالی کے راستے میں دعوت دین کے لئے نکلیں، پھر اس کتاب کی افادیت دیکھیں، خود اندازہ ہوجائے گا کہ یہ کتاب ایک مربی اور مرشد کی حیثیت رکھتی ہے جس نے کروڑوں افراد کی زندگیاں تبدیل کردیں !!
26/06/2022