06/09/2026
بڑے شہروں کی مصروف اور ہنگامہ خیز زندگی میں انسان اکثر اپنے گاؤں، اپنوں اور مٹی کی خوشبو کو یاد کرتا ہے۔ خصوصاً وہ نوجوان جو تعلیم یا روزگار کے سلسلے میں اپنے علاقوں اور گھروں سے دور بڑے شہروں میں آباد ہوتے ہیں، ان کے لیے ایسی محفلیں کسی نعمت سے کم نہیں ہوتیں۔ جب سب دوست، سینئرز اور چھوٹے بڑے ایک جگہ جمع ہو کر کچھ وقت ساتھ گزارتے ہے اپنے پن کی باتیں کرتے ہے ہنستے مسکراتے اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹتے ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے اجنبی شہر میں اپنے گاؤں کی ایک چھوٹی سی دنیا آباد ہو گئی ہو۔ میرا خیال ہے کہ شہروں میں اس طرح کی نشستوں اور گیدرنگز کا اہتمام ضرور ہونا چاہیے، کیونکہ یہ محفلیں محض تفریح کا ذریعہ نہیں ہوتیں بلکہ محبت، خلوص، بھائی چارے اور باہمی تعلق کو بھی مضبوط کرتی ہیں۔ خاص طور پر ہم جیسے پردیس میں رہنے والے لوگوں کے لیے یہ چند ساعتیں نہایت قیمتی ہوتی ہیں؛ جہاں گاؤں کی یادیں تازہ ہوتی ہیں، پرانے قصے دہرائے جاتے ہیں اور دل کو ایک عجیب سا سکون میسر آتا ہے۔ اسی احساس کے ساتھ آج بروزِ اتوار الحرمین ہاسٹل کے طلبہ کی جانب سے شہید نثار پارک میں ایک خوبصورت اور یادگار نشست منعقد ہوئی، جس میں ہمارے محترم (کا فدا علی صاحب) بھی شریک تھے۔ اس نشست کی ایک خاص بات محترم ڈی ڈی او سر غلام مہدی صاحب کی شرکت تھی جنہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر ہمارے ساتھ شرکت کی اور اپنی موجودگی سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ سر غلام مہدی صاحب کا الحرمین ہاسٹل اور یہاں کے طلبہ سے ایک دیرینہ اور محبت بھرا تعلق ہے ہاسٹل کے بیشتر طلبہ کسی نہ کسی حوالے سے ان کے شاگرد رہ چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج بھی طلبہ کے ساتھ ان کا شفقت محبت اور رہنمائی کا رشتہ قائم ہے۔ ہاسٹل میں قیام کے دوران بھی ہمیں ان کی صحبت سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے اپنے وسیع تجربات، قیمتی خیالات اور علمی بصیرت سے ہمیں آگاہ کیا اور زندگی کے مختلف معاملات میں رہنمائی فرمائی۔ ان کی گفتگو میں تجربے کی پختگی اور ایک شفیق استاد کی اپنائیت محسوس ہوتی ہے۔ یہ امر بھی ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے کہ سر غلام مہدی صاحب کے حالیہ آپریشن کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں مکمل طور پر صحت یاب قرار دیا ہے۔ ہم دل کی گہرائیوں سے انہیں اس صحت یابی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں ہمیشہ صحت، سلامتی اور خوشیوں سے نوازے۔
بلاشبہ ایسی محفلیں دلوں کو قریب لاتی ہے اور پردیس میں اپنائیت کا احساس پیدا کرتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی مصروف زندگی میں سے کچھ وقت نکال کر ایسی نشستوں کا اہتمام کرتے رہیں، تاکہ محبت، اخوت، بھائی چارے اور اپنے پن کا یہ خوبصورت رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے
06/09/2026
الحرمین ہاسٹل