10/11/2023
ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے معروف شاعر، مصنف، قانون دان، سیاستدان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔علامہ محمد اقبال نے تصوّر پاکستان پیش کر کے برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کو پہلی دفعہ باقاعدہ شکل میں پیش کیا، اس کے ساتھ ساتھ انہیں عالم اسلام کے ایک معروف شاعر فلسفی اور مفّکر کی حیثیت سے بھی پہچانا جاتا ہے۔
اقبال، مولانا جلال الدین رومی کو اپنا مرشد مانتے تھے اور اپنے فلسفہ خودی و بے خودی میں انہوں نے مولانا جلال الدین رومی کی طرح قرآن کو اپنا رہبر بنایا۔علامہ اقبال نے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لئے نسلی و فرقہ وارانہ تفریق کو بالائے طاق رکھ کر باہم متحد ہونے کی تلقین کی، ان کے دل میں صرف برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ہی نہیں پورے عالم اسلام کے لئے تڑپ تھی۔
انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی جو تحریکِ آزادی میں نہایت کارگر ثابت ہوئی۔آپ نے تمام عمر مسلمانوں میں بیداری و احساسِ ذمہ داری پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں اور 21 اپریل 1938 کو اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ستّر ہزار افراد کے شرکت سے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں لاہور میں بادشاہی مسجد کے سامنے سپرد خاک کیا گیا۔