01/05/2026
یکم مئی محنت کشوں کی قربانیوں، جدوجہد، حقوق کی یاد تازہ کرتا ہے، شبیر احمد تابانی
مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کو ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے
مزدور طبقہ ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اُن کی محنت کے بغیر معاشی پہیہ چلنا ممکن نہیں
مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) القلم ایجوکیشنل نیٹ ورک کے چیئرمین، سیاسی و سماجی رہنماء شبیر احمد تابانی نے یوم مئی مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا
کہ یہ دن محنت کشوں کی قربانیوں، جدوجہد اور حقوق کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے۔ مزدور طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور ان کی محنت کے بغیر معاشی پہیہ چلنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مزدور طبقہ مہنگائی، کم اجرت اور عدم تحفظ جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مزدوروں کو ان کا جائز حق دیا جائے اور ان کے لیے بہتر روزگار کے مواقع اور محفوظ کام کا ماحول فراہم کیا جائے۔ شبیر احمد تابانی نے مزید کہا کہ مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر میں مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے حکومت کو ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ ان کی زندگیوں میں بہتری لائی جاسکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر پلیٹ فارم پر مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے اور ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے جہاں ہر محنت کش کو عزت اور انصاف میسر ہو۔