22/08/2026
گوجرانوالہ میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں درگاہ حضرت ابوالبیان، ماڈل ٹاؤن سے تاریخی مشعل بردار جلوس نکالا گیا، جس کی قیادت عالمی مبلغِ اسلام اور جانشینِ ابوالبیان پیر محمد رفیق احمد مجددی نے کی۔
مرکزی سالانہ مشعل بردار جلوس میں علما و مشائخ، اساتذہ و طلبہ، وکلا، ڈاکٹرز، سماجی و سیاسی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
شرکا نے نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا، جبکہ جلوس کے دوران درود و سلام اور نعتیہ کلام کی صداؤں سے فضا معطر رہی۔
پروگرام کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، ملکِ پاکستان کی ترقی و خوشحالی، امن و امان اور عالمی سطح پر مسلمانوں کی کامیابی کے لیے خصوصی اور رقت آمیز دعا کی گئی۔
تنظیم الاسلام کی انتظامیہ نے تمام شرکاء اور سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ پروقار تقریب انتہائی پرامن اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔