14/08/2026
یومِ آزادی — عزم، مسرت اور حب الوطنی کا حسین امتزاج
اسلام آباد ماڈل سکول برائے طلباءسنگجانی میں یومِ آزادی کی پُروقار اور رنگا رنگ تقریب قومی جوش و جذبے، مسرت اور حب الوطنی کے لازوال احساسات کے ساتھ منعقد ہوئی۔
تقریب کا آغاز پرنسپل اور معزز اساتذہ کے دستِ مبارک سے پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانے کی گونج میں سبز ہلالی پرچم نے فضائے آزادی میں سربلندی سے لہرا کر قومی وقار کی علامت پیش کی۔ طلباء نے سبز و سفید لباس زیبِ تن کیے، ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے، ملی نغموں، تقاریر، ٹیبلو اور مختلف خوب صورت پیشکشوں کے ذریعے وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
اساتذہ نے اپنے بصیرت افروز خطابات میں آزادی کی قدر و قیمت، قومی یکجہتی اور طلبہ کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں پرنسپل نے اپنے خطاب میں تحریکِ پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے موجودہ قومی چیلنجز کا ذکر کیا اور طلباء کو علم، کردار، محنت اور ذمہ داری کے ذریعے پاکستان کو مضبوط و خوشحال بنانے کا عہد یاد دلایا۔
پورا سکول احاطہ “پاکستان زندہ باد، قائداعظم زندہ باد، پاکستان کا مطلب کیا—لا اِلٰہَ اِلَّا اللہ اور پاک فوج زندہ باد” کے پُرجوش نعروں سے گونجتا رہا۔ ننھے اور نوخیز دلوں میں وطن سے محبت، قومی فخر اور روشن مستقبل کی امید نمایاں تھی۔
تقریب کے اختتام پر طلباء میں خصوصی مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ یومِ آزادی کی یہ تقریب اس عہد کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ ہم اپنے حصے کا چراغ روشن کرتے ہوئے پاکستان کو علم، کردار، اتحاد اور محنت کے ذریعے مزید مضبوط، مستحکم اور سربلند بنائیں گے۔
خدا کرے کہ مری ارضِ پاک پر اترے
وہ فصلِ گل جسے اندیشۂ زوال نہ ہو۔
پاکستان پائندہ باد!