06/09/2026
معروف عالمِ دین، داعیِ اسلام مولانا احسان الحق رحمہ اللہ کی رحلت پر قائدینِ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا اظہارِ تعزیت
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، سینئر نائب صدر مولانا انوار الحق اور ناظمِ اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے معروف عالمِ دین، ممتاز داعی اور مبلغِ اسلام مولانا احسان الحق رحمہ اللہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی رحلت دینی، علمی اور دعوتی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔قائدینِ وفاق المدارس نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا احسان الحق رحمہ اللہ نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، درس و تدریس اور دعوت و تبلیغ کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ ایک معروف داعی تھے اور دعوت و تبلیغ کے میدان میں ان کی گرانقدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے بڑی تعداد میں تشنگانِ علم کی علمی و تربیتی رہنمائی کی اور ان کے ہزاروں تلامذہ آج مختلف علاقوں میں دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ مولانا احسان الحق رحمہ اللہ نے درس و تدریس کے ذریعے علمِ دین کی اشاعت اور دعوت و تبلیغ کے ذریعے لوگوں کو دین سے جوڑنے کے لیے بھرپور اور مسلسل جدوجہد کی۔قائدین وفاق المدارس نے مرحوم کے اہلِ خانہ، متعلقین، تلامذہ اور تبلیغی جماعت سے واطستہ تمام افراد سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا احسان الحق رحمہ اللہ کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی دینی، علمی اور دعوتی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین