26/11/2025
*تعزیت*
شعبۂ پاکستانی زبانیں، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سرائیکی زبان و ادب کے ممتاز محقق، استاد، شاعر اور ثقافتی ورثے کے امین ڈاکٹر نصراللہ خان ناصر کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ ان کی وفات پاکستانی زبانیں بالخصوص سرائیکی زبان و ادب اور ملک کی علمی دنیا کا ایک بڑا نقصان ہے۔
ڈاکٹر ناصر نے تدریس، تحقیق، تنقید اور زبان و ثقافت کے فروغ میں نمایاں خدمات سر انجام دیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ریڈیو پاکستان بہاولپور سے وابستگی کے دوران انہوں نے علمی معیار، تحقیق اور طلبہ کی فکری تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی زیرِ نگرانی تربیت پانے والے بے شمار طلبہ آج مختلف اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر صاحب کا شعبہ پاکستانی زبانوں کے ساتھ تعلق نہایت مخلصانہ اور مستقل رہا۔ انہوں نے ہمیشہ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں شعبہ کے طلبا و طالبات کی راہ نمائی کی اور شعبے کی علمی معاونت میں پیش پیش رہے جسے شعبہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ان کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں خواجہ فرید ایوارڈ اور حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔ ان کی اہم تصانیف اجرک، یہ کیسا دُکھ ہے، صحرا کے گیت: وادیٔ سندھ کی باقیات، چولستانی قبائل کے قدیم گیت، سرائیکی شاعری کا ارتقاء، تشخص، نویں سوبھ، معنویت اور ثقافتی مباحث ہمیشہ اہلِ علم کے لیے قیمتی سرمایہ رہیں گی۔
شعبہ پاکستانی زبانیں ،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مرحوم کی خدمات کو احترام سے یاد رکھتی ہے اور انہیں اپنے معتبر محققین میں شمار کرتی ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّ إِلَيْهِ رَاجِعُونَ