19/12/2025
گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس، پیپلز کالونی گوجرانوالہ کا مقدمہ
حکومتِ پنجاب اس وقت اُن سرکاری تعلیمی اداروں کے بارے میں اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے جہاں طلبہ کی انرولمنٹ کم ہے، اور ایسے اداروں کو یا تو آؤٹ سورس کرنے یا وہاں جدید آئی ٹی اور مارکیٹ سے ہم آہنگ پروگرامز متعارف کروانے کا منصوبہ زیرِ غور ہے، تاکہ اعلیٰ تعلیم کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے اور سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔
اس پالیسی تناظر میں یہ امر نہایت اہم ہے کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس، پیپلز کالونی گوجرانوالہ پہلے ہی حکومت کے ویژن کے عین مطابق عملی اقدامات کر چکا ہے اور کسی بھی صورت کم انرولمنٹ یا غیر فعال ادارہ نہیں ہے۔ کالج نے بروقت وژنری فیصلوں کے ذریعے جدید دور کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تعلیمی سمت کو تبدیل کیا اور مارکیٹ کی طلب کے مطابق نئے پروگرامز کا آغاز کیا۔
کالج انتظامیہ اور فیکلٹی نے اپنی مدد آپ کے تحت دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے آئی ٹی، کمپیوٹر سائنس، بزنس ایڈمنسٹریشن، کامرس اور انگلش لینگویج جیسے جدید اور ہائی ڈیمانڈ مضامین میں تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ موجودہ ریگولر فیکلٹی کی تعلیمی قابلیت اور تجربے کو بنیاد بناتے ہوئے بی ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی ، بی ایس کانرس، بی ایس انگلش اور بی ایس بزنس ایڈمنسٹریشن (بی بی اے) جیسے پروگرامز کا کامیاب آغاز کیا گیا، جبکہ انٹرمیڈیٹ سطح پر آئی کام اور آئی سی ایس جیسے ڈسپلنز متعارف کروائے گئے۔
ان وژنری اقدامات کے نتیجے میں کالج کی مجموعی انرولمنٹ میں نمایاں اضافہ ہوا اور الحمدللہ آج گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس، پیپلز کالونی گوجرانوالہ کی انرولمنٹ 1300 سے تجاوز کر چکی ہے، جو اسے پورے پنجاب کے کامرس کالجز میں ایک نمایاں اور منفرد مقام عطا کرتی ہے۔ یہ ادارہ اب ایک ایسا فعال تعلیمی مرکز بن چکا ہے جو نہ صرف اپنی پائیداری ثابت کر رہا ہے بلکہ دیگر اداروں کے لیے ایک قابلِ تقلید ماڈل بھی فراہم کر رہا ہے۔
تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ کالج میں نظم و ضبط، مکمل یونیفارم پالیسی، اضافی تعلیمی معاونت، اور طلبہ کی ہمہ جہت تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ محدود وسائل اور ڈی پی آئی اسپورٹس کی عدم دستیابی کے باوجود کالج نے کھیلوں، ادبی، تقریری، نعت اور حسنِ قرات کے مقابلہ جات میں ڈویژنل اور صوبائی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
یہ ادارہ بالخصوص غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کو معیاری اور پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کر رہا ہے، جو پسرور روڈ ، سیالکوٹ روڈ اور اس سے ملحقہ دیہی علاقوں کے تقریباً 25 سے 30 کلومیٹر کے دائرہ کار سے آتے ہیں۔ کالج ان طلبہ کو جدید مہارتوں سے آراستہ کر کے نہ صرف اعلیٰ تعلیم بلکہ باعزت روزگار کے مواقع کے لیے بھی تیار کر رہا ہے۔
مندرجہ بالا حقائق کی روشنی میں یہ گزارش کی جاتی ہے کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس، پیپلز کالونی گجرانوالہ کو کسی بھی صورت میں آؤٹ سورس یا کسی دوسرے ادارے میں ضم نہ کیا جائے۔ مزید یہ کہ اس کالج کی کامیاب تعلیمی حکمتِ عملی، جدید پروگرامز کے آغاز اور انرولمنٹ بڑھانے کے اقدامات کو ایک ماڈل کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے دیگر کم انرولمنٹ والے کامرس کالجز میں بھی نافذ کیا جائے تاکہ صوبہ بھر میں کامرس اور آئی ٹی ایجوکیشن کو مضبوط بنایا جا سکے۔
Higher Education Department-HED Punjab
DPI Colleges, Punjab, Lahore
Rana Sikandar Hayat