09/08/2023
اللہ کے ہاں لوگوں میں سب سے زیادہ ناپسندیدہ!
-----------------------------
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نبی ﷺ سے روایت کرتی ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا: اللہ کے نزدیک لوگوں میں سب سے زیادہ ناپسندیدہ سخت جھگڑالو ہے۔
(الصحیحہ:3970،بخاری: 4523،مسلم:2668،ترمذی: 2976،نسائی: 5425)
٭فوائد:
جھگڑالو سے اللہ تعالیٰ سب سے زیادہ نفرت فرماتے ہیں اور اگر غور کیا جائے تو لڑائی جھگڑے میں اتنی قباحتیں ہیں کہ جن کی وجہ سے آدمی اللہ کا محبوب نہیں ٹھہر سکتا۔
(1) جھگڑالو شخص اپنی اصلیت و اوقات کی طرف نظر نہیں رکھتا کہ کس طرح اللہ تعالیٰ نے اسے بدبودار پانی کی بوند سے خوبصورت وجود عطا کرتے ہوئے عقلِ سلیم جیسی نعمت سے ہمکنار فرمایا، اس قدر عظیم احسان کے باوجود اگر کوئی شخص ہٹ دھرمی، تعصب اور باہم دست و گریباں ہونے سے باز نہ آئے اور کبر و نخوت کا شکار رہے تو وہ کبھی اللہ کا محبوب نہیں بن سکتا۔
(2)لڑائی جھگڑا ایک ایسا گناہ ہے جس میں کئی گناہ اکھٹے ہو جاتے ہیں، مثلاً ہاتھ اور زبان کا ناروا استعمال، بغض ،حسد، تہمت اور گالی گلوچ وغیرہ۔ غرض کہ آدمی لڑائی جھگڑا کرتے ہوئے، ایمان و اسلام کی تمام قدریں کھو دیتا ہے اور فسق و فجور تک پہنچ جاتا ہے۔ جس دل میں ایمان کی ایک رتی بھی ہو،وہ ضدی، ہٹ دھرم اور جھگڑالو نہیں ہوتا۔ نیز جس سے اللہ تعالیٰ بغض رکھیں اس پر کسی بھی وقت عذاب نازل فرما دیتے ہیں۔