24/09/2026
گلگت بلتستان کے مسائل پر وزیراعظم کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین اور قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی حافظ حفیظ الرحمن نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کے سیاسی، آئینی، قانونی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا، جبکہ عوام کے مؤثر سیاسی و معاشی حقوق، قومی دھارے میں بھرپور شرکت اور خطے کی ترقی کے لیے قابلِ عمل اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی قومی دھارے میں مؤثر شرکت حکومت کی ترجیح ہے اور مسائل کے حل کے لیے حکومت، گلگت بلتستان کی قیادت اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کی معاشی و مالیاتی ضروریات، توانائی، سیاحت، قدرتی وسائل، ریونیو اور رابطہ کاری سمیت دیگر متعلقہ امور پر بھی غور کیا گیا۔