13/08/2026
🇵🇰 Independence Day — KSF
On this Independence Day, Kuro Student Federation (KSF) proudly celebrates the spirit of freedom, unity, and patriotism. 🇵🇰
Let us honor the sacrifices of our heroes and work together for a peaceful, educated, and prosperous Pakistan. May our youth continue to play a positive role in building a stronger nation.
Happy Independence Day! 🇵🇰💚
Kuro Student Federation (KSF)
06/08/2026
ایم ڈی کیٹ 2026 کی تاریخ تبدیل، نیا شیڈول جاری
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر MDCAT 2026 کے امتحان کی تاریخ تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سے قبل 16 اگست 2026 کو ہونے والا ایم ڈی کیٹ اب 20 ستمبر 2026 کو منعقد ہوگا۔
یہ فیصلہ امتحان کے شفاف، محفوظ اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے اور تمام امیدواروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحان کی تاریخ کے علاوہ تمام دیگر شرائط، قواعد اور امتحانی انتظامات بدستور برقرار رہیں گے، جب تک کوئی نئی ہدایت جاری نہ کی جائے۔
29/07/2026
علمی کامیابی کا جشن | کورو کے ہونہار طلبہ و طالبات کو خراجِ تحسین
الحمدللہ!
کورو کے ہونہار طلبہ و طالبات نے
FBISE SSC-I اور SSC-II
کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین، اساتذۂ کرام اور تعلیمی اداروں کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ پورے کورو کا نام بھی روشن کیا ہے۔
یہ کامیابی محض اعلیٰ نمبروں کا حصول نہیں بلکہ مسلسل محنت، ثابت قدمی، نظم و ضبط، بلند حوصلے اور اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی کا حسین ثمر ہے۔ ہمارے یہ باصلاحیت طلبہ و طالبات اس حقیقت کی روشن مثال ہیں کہ جس منزل کے لیے خلوصِ نیت، عزمِ صمیم اور مسلسل جدوجہد کی جائے، کامیابی اسی کے قدم چومتی ہے۔
کورو اسٹوڈنٹ فیڈریشن (KSF) اپنے تمام کامیاب طلبہ و طالبات، ان کے والدین، اساتذۂ کرام اور متعلقہ تعلیمی اداروں کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آج کے یہ کامیاب نوجوان کل کے باکردار، باصلاحیت اور ذمہ دار رہنما ثابت ہوں گے اور تعلیم، کردار اور خدمت کے ذریعے اپنے معاشرے، گلگت بلتستان اور پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔
ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ تمام طلبہ و طالبات کو علمِ نافع، بہترین کردار، صحت، کامیابی اور خدمتِ خلق کی توفیق عطا فرمائے، اور انہیں زندگی کے ہر میدان میں مزید کامیابیاں نصیب فرمائے۔ آمین۔
🌹 تمام کامیاب طلبہ و طالبات کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد!
آپ کی یہ شاندار کامیابی ہمارے لیے باعثِ فخر، آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ اور روشن مستقبل کی نوید ہے۔
کورو اسٹوڈنٹ فیڈریشن (KSF)
"علم ہماری طاقت، اتحاد ہماری پہچان، اور کامیابی ہمارا سفر ہے۔
21/07/2026
سب سے پہلے کے ایس ایف (KSF) سکردو یونٹ کے نومنتخب تمام کابینہ ممبران کو دل کی گہرائیوں سے بہت بہت مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اپنی ذمہ داریاں خلوصِ نیت، دیانت داری اور بہترین حکمت کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور آپ کی اس ذمہ داری کو دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔
ہمیں پوری امید ہے کہ آپ اپنی اس مدتِ ذمہ داری میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تعلیمی ترقی اور اجتماعی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔ خصوصاً سکردو سے اسلام آباد یا دیگر شہروں میں آنے والے طلبہ و نوجوانوں کی ہر ممکن رہنمائی کریں گے، اور سکردو سمیت دیگر علاقوں میں موجود نوجوانوں کو بھی اگر کسی قسم کے تعلیمی، رہائشی یا دیگر مسائل کا سامنا ہو تو بروقت ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔
ہم یہ بھی امید رکھتے ہیں کہ آپ کے دورِ ذمہ داری میں مختلف تعلیمی سیمینارز، کیریئر گائیڈنس سیشنز، تربیتی ورکشاپس، علمی و فکری نشستیں، طلبہ کے باہمی روابط کو مضبوط بنانے والی گیدرنگز اور دیگر مثبت و تعمیری سرگرمیوں کا باقاعدہ انعقاد ہوگا، تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں ایک روشن مستقبل کی جانب رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
اسی طرح نئے آنے والے طلبہ کی رہنمائی، انہیں اچھے ہاسٹلز، اسکولز، کالجز اور جامعات تک رسائی دلانے، داخلوں کے سلسلے میں معاونت کرنے، اسکالرشپس اور دیگر تعلیمی مواقع سے آگاہ کرنے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے میں بھی آپ کا کردار نمایاں ہوگا۔
اللہ تعالیٰ آپ سب کو اتحاد، اخلاص، خدمتِ خلق اور بہترین ٹیم ورک کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے، اور آپ کے ذریعے نوجوانوں کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔ آمین۔
ایک بار پھر تمام نومنتخب کابینہ ممبران کو دلی مبارک باد اور نیک تمنائیں۔
Regard:- Kuro Student Federation
17/07/2026
Congratulations 🎉
پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں
کرگس کا جہاں اور ہے، شاہیں کا جہاں اور
کورو سٹوڈنٹ فیڈریشن (KSF) کی ذیلی کابینہ سکردو یونٹ (2026–2027) کے لیے میرِ کارواں منتخب ہونے پر جناب شہزاد قاسم لقدوم صاحب کو دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں۔
یہ انتخاب آپ کی صلاحیتوں، خلوصِ نیت، قائدانہ اوصاف اور تحریک کے لیے مسلسل خدمات پر اعتماد کا مظہر ہے۔ ہمیں یقینِ کامل ہے کہ آپ اپنی بصیرت، عزم اور بہترین قیادت کے ذریعے تحریک کو مزید منظم، فعال اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ آپ کی قیادت میں نوجوانوں اور طلبہ کے لیے تعلیم، شعور، اتحاد، کردار سازی اور خدمتِ خلق کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو تحریک کے روشن مستقبل کی ضمانت بنیں گے۔
ان شاء اللہ کورو سٹوڈنٹ فیڈریشن (KSF) کی پوری ٹیم ہر قدم پر آپ کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور تحریک کے اغراض و مقاصد کے حصول کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
اللہ تعالیٰ آپ کو اس عظیم ذمہ داری کو دیانت، حکمت اور اخلاص کے ساتھ نبھانے کی توفیق عطا فرمائے،
آمین
منجانب:- کورو سٹوڈنٹ فیڈریشن
12/07/2026
KSF Annual Education Seminar 2026
آج بروز 12 جولائی 2026ء کورو اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ایک شاندار گرینڈ ایجوکیشنل سیمینار منعقد ہوا، جس میں کورو کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ طلبہ کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانانِ گرامی اور ماہرین نے خصوصی شرکت فرمائی۔
اس سیمینار کا بنیادی مقصد طلبہ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر دستیاب اسکالرشپس سے آگاہ کرنا، مختلف تعلیمی اور پیشہ ورانہ شعبوں کا تعارف کروانا، اور کیریئر کونسلنگ کے ذریعے ان کی تعلیمی و عملی زندگی کے لیے مؤثر رہنمائی فراہم کرنا تھا۔
اس تقریب کی ایک نمایاں اور تاریخی بات یہ بھی رہی کہ اسکردو کی سطح پر کورو اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے کسی بھی تعلیمی سیمینار میں پہلی مرتبہ خواتین طالبات نے باقاعدہ شرکت کی۔ یہ نہ صرف کورو اسٹوڈنٹ فیڈریشن بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک خوش آئند اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے، جو تعلیم، شعور اور طلبہ و طالبات کی مشترکہ ترقی کی جانب ایک مثبت قدم کی عکاسی کرتی ہے۔
تقریب کے معزز مہمانوں میں جناب ڈاکٹر اخلاق اسماعیل صاحب، جناب امیر سہیل صاحب، جناب وزیر عارف حسین صاحب، اور محترمہ آتیہ حسین صاحبہ شامل تھے، جنہوں نے اپنے قیمتی تجربات اور معلومات طلبہ کے ساتھ شیئر کیں اور انہیں اپنے مستقبل کے حوالے سے اہم رہنمائی فراہم کی۔
آخر میں ہم کورو کے تمام بزرگوں، نوجوانوں، طلبہ و طالبات، معزز مہمانانِ گرامی، مقررین، سپورٹرز اور بالخصوص پہلی مرتبہ شریک ہونے والی طالبات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آپ سب نے اپنے قیمتی وقت میں سے وقت نکال کر ہماری دعوت قبول کی، اس علمی و تعلیمی پروگرام میں شرکت فرمائی اور اپنی موجودگی سے اس سیمینار کو کامیاب اور یادگار بنایا۔ آپ کی محبت، تعاون اور حوصلہ افزائی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی آپ کا یہی تعاون اور اعتماد کورو اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے ساتھ قائم رہے گا۔
کورو اسٹوڈنٹ فیڈریشن