23/04/2024
- اگر تو آپ واقع ہی خود کے ساتھ اور اپنی زندگی کے ساتھ سنجیدہ ہیں، اور اپنی زندگی کو کسی درست کنارے پہ لگانا چاہتے ہیں، تو پھر "رکاوٹوں" اور "مسائل" کو نہ دیکھیں بلکہ "مواقع" تلاش کریں، ان پہ نظر رکھیں۔۔ ممکن ہی نہیں کہ زندگی میں صرف مسائل ہوں، رکاوٹیں ہوں اور مواقع نہ ہوں، اور اگر مواقع ہیں تو مسائل/ رکاوٹیں نہ ہوں۔۔ دونوں ساتھ ساتھ ہیں۔۔ جینا دونوں کے ساتھ ہے۔۔ جس طرح مواقع ہر وقت ہمارے لیے موجود ہوتے ہیں، اگر ایک موقع ہاتھ سے نکل جائے تو دوسرا موجود ہوتا ہے ہم اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ، یہی معاملہ مسائل کا بھی ہے ایک مسئلہ حل کریں گے تو
دوسرا کسی اور نوعیت کا مسئلہ آن کھڑا ہوگا۔۔
اس سب میں اہم یہ ہے کہ "آپ" اہمیت کس کو دیتے ہیں مسائل کویا مواقعوں کو۔۔
- اگر مسائل کو زیادہ اہمیت دینا شروع کریں گے تو صرف محدود نقطئہ نظر سے ہی معاملات کی جانچ پرکھ کر سکیں گے دوسرا رخ نہیں دیکھ سکیں گے، جلد مایوس ہو جائیں گے ،مسائل کو بالکل ہی نظر انداز کر دینا ممکن نہیں ہے کیونکہ یہ موجود رہتے ہیں اس لیے انہیں نظر انداز کرنا کم عقلی ہے، لیکن مسائل کو پکڑے رکھنا اور بہت زیادہ اہمیت دینا بھی کم عقلی ہے اس سے نہ تو وہ حل ہونگے اور نہ ہی اس طرز سے آپ زندگی میں آگے بڑھ سکیں گے۔۔ اس لیے انہیں قبول کریں، اللہ سے مدد مانگیں، ان کا حل ڈھونڈیں، جب حل ہو جائیں تو معاملہ ختم کریں اور آگے بڑھیں۔۔
- دوسری طرف اگر آپ مواقعوں کو زیادہ اہمیت دیں گے اور ان پر نظر رکھیں گے، تو آپ دیکھیں گے کہ آپ کی صلاحیتیں بہترین کاموں میں لگیں گی، آپکا نقطئہ نظر وسیع ہوتا جائے گا، آپ معاملات اور چیزوں کو الگ رخ سے دیکھنے لگیں گے، آپکی امید ہمیشہ قائم رہے گی، آپکا سفر جاری رہے گا، آپ منزلیں طے کرتے جائیں گے، اور بالآخر کامیابی آپکا مقدر ہوگی۔ انشاءاللہ۔۔
"آپکا وقت" آپ کا بہترین سرمایہ ہے، جسے ابھی تک زندہ رکھا گیا ہے، یعنی "میں اور آپ" ہم سے کچھ مطلوب ہے تو ہم زندہ ہیں۔۔ ہمیں وقت دیا گیا ہے کہ ہم اسی وقت اور اسی مہلت میں اپنے لیے کچھ مواقع تلاش کریں اور اپنے اس سرمائے (وقت) کو بہترین کاموں میں لگائیں۔۔
لیکن۔۔۔۔۔۔
زندگی کی اس دوڑ میں چلتے ہوئے ایک بات یاد رکھیے گا:
" یہاں نہ تو کچھ "کھونا" ہے نہ "پانا" ہے، بس چلتے ہی جانا ہے۔۔ کیونکہ جو کھو گیا وہ بھی یہیں کا ہے، جو پا لیا وہ بھی یہیں رہ جانا ہے، ہمیں تو اس سے آگے، بہت آگے جانا ہے، اس لیے بس چلتے ہی جانا ہے"
اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، اپنے وقت کو اہمیت دیں، اپنے لیے بہترین مواقع تلاش کریں۔۔ اور جو مواقع آپ کو میسر ہیں انہیں گنوائیں نہیں ان سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔۔ اور ساتھ ہی ساتھ راستے میں آنے والے مسائل اور رکاوٹوں کو بھی قبول کریں، انہیں حل کرتے جائیں اور آگے بڑھتے جائیں۔۔
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو آمین۔۔
خوش رہیں ، پر سکون رہیں۔۔
Regards
Amina Nazir✍🏻