13/06/2026
سمر ویکیشن: تعلیمی وقفہ یا نشوونما کا موقع؟
تعلیمی سال کے دوران ہماری بیشتر توجہ نصاب مکمل کرنے، ہوم ورک مکمل کرنے، امتحانات کی تیاری کروانے اور بہتر نتائج حاصل کرنے پر مرکوز رہتی ہے۔ یہ سب اپنی جگہ اہم ہیں۔ لیکن اسی عمل میں ایک حقیقت اکثر ہماری توجہ سے اوجھل رہ جاتی ہے:
بچے کی نشوونما صرف کتابوں، نمبروں اور امتحانی نتائج تک محدود نہیں ہوتی۔
ایک بچہ بیک وقت اپنی سوچ، عادات، رویوں، خود اعتمادی، جذباتی پختگی، سماجی مہارتوں، فیصلہ سازی، ذمہ داری کے احساس اور سیکھنے کے انداز کو بھی تشکیل دے رہا ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے وقت کی کمی، نصاب کی ضروریات، امتحانات اور تعلیمی دباؤ کی وجہ سے ان پہلوؤں پر اتنی توجہ نہیں دی جا سکتی جتنی ان کی اہمیت ہے۔
شاید یہی وجہ ہے کہ سمر ویکیشنز غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں۔ یہ محض تعلیمی وقفہ نہیں، بلکہ ایک نادر موقع ہے جہاں ہم بچے کی اُن صلاحیتوں اور خوبیوں پر شعوری طور پر کام کر سکتے ہیں جو اکثر رپورٹ کارڈ میں نظر نہیں آتیں، لیکن پوری زندگی پر اثر انداز ہوتی ہیں۔
تحقیق بار بار یہ ثابت کر چکی ہے کہ خود اعتمادی، سیکھنے کا شوق، خود نظم و ضبط، جذباتی توازن، استقامت، توجہ برقرار رکھنے کی صلاحیت اور مثبت رویے رکھنے والے بچے عموماً تعلیمی میدان میں بھی بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ یعنی بچے کی مجموعی نشوونما اور اس کی تعلیمی کارکردگی دو الگ راستے نہیں ہیں ـ درحقیقت ایک دوسرے کی بنیاد ہیں۔
یہی وہ نکتہ ہے جسے ہم اکثر نظر انداز کر دیتے ہیں۔ ہم نتائج کو بہتر بنانے پر توجہ دیتے ہیں، جبکہ اُن بنیادوں پر کم توجہ دیتے ہیں جو نتائج کو جنم دیتی ہیں۔ ہم پھل کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، مگر جڑوں کو مضبوط بنانے کے لیے اتنا وقت نہیں نکالتے۔
سمر ویکیشنز ہمیں یہی موقع فراہم کرتی ہیں۔
• یہ وہ وقت ہے جب والدین صرف نگرانی کرنے والے نہیں بلکہ رہنمائی کرنے والے بن سکتے ہیں۔
• اساتذہ صرف پڑھانے والے نہیں بلکہ نشوونما کے سہولت کار بن سکتے ہیں۔
• اور بچے صرف اگلی جماعت کی تیاری نہیں بلکہ اپنی زندگی کے اگلے مرحلے کی تیاری بھی کر سکتے ہیں۔
اگر سمر ویکیشنز صرف گزر گئیں اور بچے کی نشوونما کے ان اہم پہلوؤں پر کام نہ ہو سکا، تو شاید ایک قیمتی موقع ہمارے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ کیونکہ بعض اوقات چند ہفتوں کی درست رہنمائی، شعوری تربیت اور بامقصد مصروفیات بچے کی شخصیت، سیکھنے کے انداز اور تعلیمی کارکردگی پر اتنا گہرا اثر ڈال دیتی ہیں جتنا کئی مہینوں کی روایتی تعلیمی سرگرمیاں بھی نہیں ڈال پاتیں۔
Qaisar Bilal
Educationist | Learning & Development Professional