22/08/2026
ڈاکٹر محمد زبیر حسن شعبہ اسلامک اسٹڈیز، تھل یونیورسٹی بھکر میں بطور لیکچرار منتخب
ڈاکٹر محمد زبیر حسن تھل یونیورسٹی بھکر کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں بطور لیکچرار منتخب ہوئے ہیں۔ آپ ایک ممتاز علمی و تحقیقی شخصیت، صاحبِ قلم سکالر اور بین المذاہب ہم آہنگی (Interfaith Harmony) کے فعال داعی ہیں۔ تدریس، تحقیق، انتظامی امور اور سماجی خدمات کے میدان میں آپ کا تجربہ نہایت وسیع، متنوع اور قابلِ قدر ہے۔
تعلیم کی تکمیل کے بعد ڈاکٹر صاحب نے ایک سال تک گورنمنٹ کالج کلورکوٹ میں بطور لیکچرر (CTI) کی حیثیت سے تدریسی خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں آپ نے دو سال Punjab Daanish Schools and Centers of Excellence Authority (PDS&CEA) میں بطور لیکچرار خدمات سرانجام دیں، جہاں تدریسی ذمہ داریوں کے ساتھ طلبہ کی علمی، فکری اور اخلاقی تربیت میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ اس کے بعد آپ School Education Department (SED) سے وابستہ ہوئے، جہاں تدریس کے ساتھ ساتھ مختلف اہم انتظامی شعبہ جات میں کلیدی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی سے نبھائیں۔
اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بھی ڈاکٹر محمد زبیر حسن کی خدمات نمایاں ہیں۔ آپ University of the Punjab کے شیخ زاید اسلامک سینٹر، انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (IER) اور ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک میں بطور وزٹنگ فیکلٹی خدمات انجام دیتے رہے، جہاں آپ نے اسلامیات سمیت مختلف علمی و تحقیقی مضامین کی تدریس کی۔ ۔ علاوہ ازیں، شیخ زاید اسلامک سینٹر میں آپ نے BS پروگرام کے Viva Voce میں Subject Expert اور Committee Member کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں، جہاں آپ طلبہ کے علمی معیار کے جائزے، زبانی امتحانات اور تعلیمی تشخیص کے عمل میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے رہے۔
تحقیقی و تصنیفی میدان میں ڈاکٹر محمد زبیر حسن کی خدمات نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ آپ کے چھ تحقیقی مقالات ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کی منظور شدہ X اور Y کیٹیگری کے معیاری تحقیقی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، آپ نے دیگر ممتاز اہلِ علم کے اشتراک سے "اسلام اور سائنس" کے عنوان سے ایک علمی کتاب بھی تصنیف کی ہے، جو اسلامی فکر اور جدید سائنسی مباحث کے باہمی تعلق کو اجاگر کرتی ہے۔
آپ کا ایم فل تحقیقی مقالہ "قیامِ امن کے لیے اقدامات: شریعتِ اسلامیہ کی روشنی میں" (Peacebuilding Initiatives in the Light of Islamic Shariah) اور پی ایچ ڈی کا تحقیقی مقالہ "پاکستان میں شدت پسندی کے داخلی اور خارجی عوامل: ایک تنقیدی جائزہ" (Internal and External Factors of Extremism in Pakistan: A Critical Analysis) عصرِ حاضر کے اہم سماجی و فکری مسائل پر آپ کی گہری علمی بصیرت اور تحقیقی مہارت کی عکاسی کرتے ہیں۔
تعلیمی و تحقیقی خدمات کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر محمد زبیر حسن پاکستان میں فکری اعتدال، انتہاپسندی کے تدارک، امن کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے بھی سرگرمِ عمل ہیں۔ آپ کئی برسوں سے Peace Center Lahore کے فعال رکن ہیں اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی، امنِ عامہ اور سماجی استحکام کے فروغ کے لیے متعدد قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں، سیمینارز، تربیتی ورکشاپس اور مکالماتی نشستوں کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں۔ ان علمی و فکری سرگرمیوں میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز سکالرز، محققین، مذہبی رہنماؤں اور بین الاقوامی مندوبین کی شرکت نے بین المذاہب مکالمے، رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کو مزید تقویت بخشی۔
ڈاکٹر محمد زبیر حسن کی علمی بصیرت، تحقیقی مہارت، تدریسی تجربہ، انتظامی صلاحیت اور سماجی خدمات بلاشبہ تھل یونیورسٹی بھکر کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے لیے ایک گراں قدر اضافہ ہیں۔
21/08/2026
21/08/2026
21/08/2026
21/08/2026
21/08/2026
21/08/2026