27/05/2026
10 ذی الحجہ 1447 ہجری: عید الاضحٰی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اللہ اکبر اللہ اکبر لا إلٰه الا اللہ واللہ اکبر اللہ اکبر وللہ الحمد.
شعبہ فقہ و شریعہ کی جانب سے جملہ عالم اسلام بالخصوص اہلیان وطن کو عید الاضحٰی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک اس دعا کے ساتھ کہ اللہ رب العزت تمام عالم اسلام کو عزت اور کامرانیاں عطا فرمائے اور اسلام کو سربلند رکھے۔
اللہ پاک ہمارے وطن کو امن کا گہوارہ اور بھائی چارے کا مرکز و منبع بنائے اور تاقیامت شاد وآباد رکھے۔ آمین یا رب العالمین
26/05/2026
يوم عرفة : 9 ذی الحج 1447 ہجری
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عَنِ ابْنِ الْمُسَيَّبِ قَالَ: قَالَتْ عَائِشَةُ رضی الله عنها: إِنَّ رَسُوْلَ اللهِ ﷺ قَالَ: مَا مِنْ يَوْمٍ أَكْثَرَ مِنْ أَنْ يُعْتِقَ اللهُ فِيْهِ عَبْدًا مِنَ النَّارِ مِنْ يَوْمِ عَرَفَةَ، وَإِنَّهُ لَيَدْنُو، ثُمَّ يُبَاهِي بِهِمُ الْمَلَائِكَةَ، فَيَقُوْلُ: مَا أَرَادَ هَؤُلَاءِ؟.
(مسلم، الصحيح، كتاب الحج، باب في فضل الحج والعمرة ويوم عرفة، الرقم: 1348)
حضرت سعید بن مسیب سے مروی ہے کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی الله عنها بیان کرتی ہیں کہ رسول الله ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ یومِ عرفہ سے زیادہ کسی دن بندوں کو دوزخ سے آزاد نہیں کرتا۔ (اُس دن) اللہ تعالیٰ (اپنے بندوں سے) قریب ہوتا ہے اور فرشتوں کے سامنے اپنے بندوں پر فخر کرتے ہوئے فرماتا ہے: یہ بندے کس ارادے سے آئے ہیں؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
#الحج1447
25/05/2026
ایچ ای سی نے ایم فل و پی ایچ ڈی ایڈمیشن ٹیسٹ والا سابقہ نوٹیفیکیشن فال 2027 تک معطل کردیا۔ جامعات حسب سابق داخلہ ٹیسٹ لے سکیں گی تاہم فال 2027ء سے ایچ ای سی ٹیسٹ کا انعقاد کرے گا۔
22/05/2026
PhD Viva Voce / Open Defence
20th May, 2026
…………………………
شعبہ فقہ و شریعہ کے دو پی ایچ ڈی سکالرز حافظ عبدالخالق اور حافظ محمد عارف کے مجلسی دفاع 20 مئی 2026ء بروز بدھ منعقد ہوئے جس میں علوم اسلامیہ کے اساتذہ اور سکالرز کی نمایاں تعداد نے شرکت کی۔
مجلسی دفاع کی اس نشست میں بیرونی ممتحن کے طور پر ممتاز محقق اور علوم اسلامیہ کے جلیل القدر استاد جناب پروفیسر ڈاکٹر مفتی سعید الرحمٰن صاحب، صدر شعبہ علوم اسلامیہ، یونیورسٹی آف سدرن پنجاب ملتان، تشریف لائے۔ ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز، پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن صاحب نے اس نشست کی سرپرستی فرمائی۔ صدر شعبہ ڈاکٹر محمد سعید شیخ صاحب نے معزز ممتحن کو خوش آمدید کہا اور تحقیقی عمل میں معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ شعبہ فقہ و شریعہ کے اساتذہ کے علاوہ دیگر شریک اساتذہ میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار صاحب، صدر شعبہ علوم اسلامیہ، ڈاکٹر غلام حیدر مگھرانہ صاحب، صدر شعبہ حدیث، ڈاکٹر حافظ محمد اکرم الازہری، شعبہ عربی اور ڈاکٹر حامد علی اعوان، شعبہ علوم اسلامیہ، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، شامل تھے۔
حافظ عبدالخالق کے مقالہ کا موضوع " مذاہب خمسہ کے تناظر میں متجددین کے تصور عبادت کا استدلالی جائزہ " جبکہ حافظ محمد عارف کے مقالہ کا موضوع "وہبہ الزحیلی اور محمد حمیداللہ کی قانون بین الممالک پر تعبیرات کا علمی جائزہ" تھا۔ دونوں سکالرز نے شعبہ کے استاد ڈاکٹر عبدالغفار کے زیر اشراف اپنے تحقیقی مقالات مکمل کیے۔ دفاع کے آغاز میں دونوں سکالرز نے اپنے اپنے موضوع پر عمدہ پریزینٹیشنز دیں جس کے بعد ممتحن اور حاضرین کی جانب سے کیے گئے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے۔ اپنے مقالات کا عمدہ طریقے سے دفاع کرنے پر بیرونی ممتحن کی طرف سے دونوں سکالرز کو پی ایچ ڈی ڈگری کے اجراء کی سفارش کی گئی۔
شعبہ کامیاب ہونے والے دونوں سکالرز اور نگران استاد محترم کو مبارک باد پیش کرتا ہے اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔
21/05/2026
20 مئی 2026ء بروز بدھ:
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شعبہ فقہ و شریعہ کے بورڈ آف سٹڈیز کا اجلاس مورخہ 20 مئی 2026ء بروز بدھ منعقد ہوا جس میں ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز، پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن صاحب، صدر شعبہ ڈاکٹر محمد سعید شیخ صاحب، بورڈ کے بیرونی ماہرین اساتذہ کرام جناب پروفیسر ڈاکٹر شمس البصر صاحب، سابق صدر شعبہ علوم اسلامیہ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور پروفیسر ڈاکٹر مفتی سعید الرحمٰن صاحب، صدر شعبہ علوم اسلامیہ، یونیورسٹی آف سدرن پنجاب ملتان سمیت شعبہ کے دیگر اساتذہ کرام ڈاکٹر محمد جنید انور، ڈاکٹر عبدالغفار اور ڈاکٹر محمد طلحہ حسین شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں شعبہ علوم اسلامیہ، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے فاضل استاد جناب ڈاکٹر حامد علی اعوان صاحب اور صدر شعبہ قرآنک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن صاحب بھی مجلس کا حصہ تھے۔
اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز، پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمٰن صاحب نے سرپرستی فرماتے ہوئے تشریف لانے والے معزز اساتذہ کرام کو خوش آمدید کہا اور علمی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں صدر شعبہ ڈاکٹر محمد سعید شیخ صاحب نے اجلاس کا ایجنڈا شرکاء کے سامنے پیش کیا جس میں سرفہرست شعبہ فقہ وشریعہ کے ایم فل سیشن سپرنگ 2025 کے طلباء کے عناوین، نگران اساتذہ کرام کی منظوری تھی۔ اس کے علاوہ دیگر شعبہ جاتی امور بھی ایجنڈا کا حصہ تھے۔
تمام ممبران نے نہایت عرق ریزی سے مجوزہ عناوین کا جائزہ لیا۔ خاص طور پر پروفیسر ڈاکٹر شمس البصر صاحب اور پروفیسر ڈاکٹر مفتی سعید الرحمٰن صاحب نے عناوین کی بہتری کےلیے نہ صرف مفید تجاویز فراہم کیں بلکہ اپنے تحقیقی و تدریسی تجربہ کی بدولت تحقیقی عمل میں معاون بہت سے پہلوؤں کی نشان دہی بھی فرمائی۔آخر میں شعبہ کی ترقی اور استحکام کی دعا کے ساتھ یہ بھرپور علمی سرگرمی اختتام کو پہنچی۔
شعبہ اپنے تمام معزز بورڈ ممبران اور مہمانان گرامی کا ممنون و شکرگزار ہے۔
21/05/2026
20 مئی 2026ء بروز بدھ:
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شعبہ فقہ وشریعہ کے ایم فل سکالر سجاد حسین کا شفوی امتحان مورخہ20 مئی 2026ء بروز بدھ منعقد ہوا۔ پروفیسر ڈاکٹر شمس البصر صاحب ، سابق صدر شعبہ علوم اسلامیہ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، بطور ممتحن تشریف لائے اور سکالر کا شفوی امتحان لیا۔ سکالر نے عمدہ طریقے سے اپنے مقالہ کا دفاع کیا جس پر انہیں ایم فل ڈگری جاری کرنے کی سفارش کی گئی۔ سکالر سجاد حسین نے صدر شعبہ ڈاکٹر محمد سعید شیخ صاحب کے زیر اشراف " سفر طائف کی فقہی جہات " کے عنوان پر اپنا تحقیقی مقالہ مکمل کیا تھا۔
شعبہ کامیاب ہونے والے سکالر اور نگران استاد محترم کو مبارک باد پیش کرتا ہے اور مستقبل میں کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔
19/05/2026
شعبہ فقہ و شریعہ کے دو پی ایچ ڈی سکالرز حافظ عبدالخالق اور حافظ محمد عارف کے مقالات کا مجلسی مناقشہ کل بروز بدھ ، 20 مئی 2026ء، منعقد ہوگا۔
ان شاءاللہ العزیز۔
17/05/2026
ایچ ای سی کی جانب سے ایم فل / ایم ایس پروگرام میں داخلہ کےلیے ٹیسٹ کا اشتہار شائع ہوچکا ہے جس کی میعاد دو سال ہوگی۔
اہل مدارس کے لیے الگ کیٹیگری کا ٹیسٹ رکھا گیا ہے۔
16/05/2026
ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے سیمسٹر فال 2026ء سے ایم فل و پی ایچ ڈی میں داخلے کےلیے کمیشن کا انٹری ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے اور جامعات کے ڈیپارٹمنٹل یا داخلہ ٹیسٹ کو ختم کردیا ہے۔
اس حوالے سے داخلہ ٹیسٹ کا ایک شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے جو سال کے دوران مختلف اوقات میں منعقد ہوگا۔