Dilzak informative club

Dilzak informative club

Share

Contact information, map and directions, contact form, opening hours, services, ratings, photos, videos and announcements from Dilzak informative club, Education, Khadda, Aram Bagh.

13/08/2022

امریکا میں ہونے والے حملے میں شاتم رسول ملعون سلمان رشدی شدید زخمی ہوگیا اور اس کی قوت گویائی متاثر ہوگئی ہے جب کہ ایک آنکھ بھی ضائع ہونے کا امکان ہے۔
سلمان رشدی پر نیویارک میں ایک تقریب کے دوران حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ملعون سلمان رشدی کی حالت تشویشناک ہے اور اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سلمان رشدی بول نہیں پا رہا اور اس کی ایک آنکھ بھی ضائع ہونے کا امکان ہے
رشدی کے ایجنٹ اینڈریو وائلی کا کہنا ہے کہ سلمان رشدی کے بازو کے اعصاب کٹے ہوئے تھے اور جگر میں چھرا گھونپنے سے اسے شدید نقصان پہنچا ہے اور وہ ممکنہ طور پر ایک آنکھ سے محروم ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ ملعون سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے نوجوان کی شناخت 24 سالہ ہادی مطر کے نام سے ہوئی جو امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے فیئر ویو کے رہائشی ہیں۔ امریکی پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔

13/08/2022

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے این اے 31 پشاور اور این اے246 کراچی سے ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے پشاور میں کاغذات نامزدگی سابق ایم این اے شوکت علی ،صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، ایم این اے ناصر موسی زئی ،ایم پی اے پیرفداایڈوکیٹ اور سابق ضلعی ناظم محمدعاصم خان نے جمع کرائے ۔
پی ٹی آئی کے ورکر بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جو عمران خان اور پی ٹی آئی کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے جلوس کی شکل میں الیکشن کمیشن پشاور کے دفتر پہنچے ۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی حاجی شوکت علی نے کہا کہ پشاور کے شہریوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ ان کے حلقہ سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان خود الیکشن کررہے ہیں۔
کراچی میں سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے پارٹی چیٸرمین کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کراٸے۔

12/08/2022

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے پیشی کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سے دوران تفتیش پوچھا جاتا ہے کہ جنرل فیض سے کتنی بار ملے۔
قبل ازیں شہباز گل نے پیشی کے دوران عدالت کو بتایا کہ مجھ پر تشدد کیا جاتا رہا ہے، جس کے نشانات موجود ہیں۔ انہوں نے اپنی کمر پر تشدد کے نشانات عدالت کو دکھاتے ہوئے بتایا کہ میڈیکل رپورٹ جعلی بنائی گئی ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ فزیکل چیک اپ نہیں کیا گیا، نہ ہی وکلا سے ملنے دیا جا رہا ہے جب کہ پوری رات سونے نہیں دیا جا رہا بلکہ مسلسل جگایا جا رہا ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ میں کرمنل نہیں، پروفیسر ہوں۔ مجھے تھانہ کوہسار میں بھی نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش مجھ سے پوچھا جاتا ہے کہ سابق وزیراعظم کھاتے کیا ہیں۔ میں وفاقی کابینہ کا ممبر رہا ہوں ۔ مجھ سے بار بار سوال ہوتا ہے کہ عمران خان نے تمہیں کہا تھا ۔ میں کہتا ہوں میں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ۔ میرے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے یہ سیاسی انتقام ہے ۔
بعد ازاں کمرہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے دوران تفتیش اعترافی بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسا کوئی اعترافی بیان نہیں دیا۔ مجھ پر تشدد کیا جاتا ہے ۔ مجھ سے بار بار پوچھتے ہیں جنرل فیض سے کتنی بار ملے

12/08/2022

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کیلئے بنائے گئے اسکواڈ کے کھلاڑی شعیب ملک اور عماد وسیم سے اچھی پرفارمنس دکھا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشیا کپ 2022 کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں عماد وسیم اور شعیب ملک کو شامل نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بھی یہ موضوع زیر بحث ہے۔ اس ضمن میں بابراعظم کا کہنا ہے کہ پرفارمنس کی بنیاد بہترین کھلاڑیوں کا چناؤ کرکے اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے
انہوں نے کہا کہ دورہ نیدرلینڈز کے فوراً بعد ایشیا کپ ہے تو ٹیم میں کوئی تبدیلی کے امکانات نہیں، خوش دل شاہ اور افتخار احمد اسی نمبر پر کھیلیں گے جس پر وہ اچھا پرفارم کرتے آرہے ہیں۔عماد وسیم کی واپسی کے سوال پر کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کسی کھلاڑی کے دروزے بند نہیں ہوئے لیکن میرے خیال سے محمد نواز زیادہ اچھا کھیل پیش کررہا ہے

12/08/2022

بھارت میں جہیز نہ لانے پر سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو تیسری منزل سے دھکا دے کر قتل کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی دارالحکومت دہلی کے شمالی علاقے میں 21 سالہ لڑکی گھر کی تیسری منزل سے گر کر ہلاک ہوئی، جس پر لڑکی کے والدین نے سسرال والوں پر جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے اور تیسری منزل سے دھکا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
مقتولہ کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی سسرال میں مردہ پائی گئی، جس پر پولیس نے تفتیش کرتے ہوئے شوہر، نند اور ساس کو گرفتار کرلیا۔ تینوں ملزمان کو لڑکی کو مبینہ طور پر جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق لڑکی کی والدہ پیر کو پولیس اسٹیشن گئیں اور ڈیوٹی افسر کو متاثرہ لڑکی اور ان کی نندوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے متعلق آگاہ کیا۔ دریں اثنا لڑکی کے شوہر نے لڑکی کی والدہ کو اطلاع دی کہ ان کی بیٹی تیسری منزل سے گِر گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر پولیس اُشا رنگنانی کا کہنا تھا ’ہم لڑکی کی والدہ کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور دیکھا کہ متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔‘

ڈی سی پی کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ متاثرہ لڑکی نے شکایت کی تھی وہ اچھا محسوس نہیں کر رہی تھیں۔ لڑکی کے والدین اور سسرالیوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ جب یہ واقعہ ہوا تو والدہ نے فوران پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیا۔
تاہم،الزامات اور شواہد کی بنا پر جہیز کی وجہ سے ہونے والی اموات کی دفعہ کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

11/08/2022

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے نئی سمری پر کام شروع کردیا، جس کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملکی سطح پر بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کم ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے اوگرا نے ورکنگ کا آغاز کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس کی شرح کو کم کر کے بھی عوام کو ریلیف دیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 12 اور ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے تک کمی کا امکان ہے۔
اوگرا کی جانب سے نئی قیمتوں کے تعین کے لیے سمری 13 اگست کو وزارت خزانہ کو ارسال کی جائے گی، جس پر وزیراعظم کی منظوری کے بعد 15 اگست کو نئی قیمتوں کا اعلان ہوگا

11/08/2022

ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کسی کا اپنے خیالوں میں کھونا یا ذہن کا ادھر اُدھر بھٹکنا ایک ایسی سرگرمی ہے جس کو کم اہمیت دی جاتی ہے لیکن یہ ایسی چیز ہے جس کو جتنا کیا جائے اتنا فائدہ مند ہے۔
250افراد کے گروپ کا مطالعہ کرنے والے نفسیات دانوں نے بےمقصد سوچ بچار کےعمل کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جتنی تحقیق کے شرکاء سوچی تھی یہ سرگرمی اس سے زیادہ اطمینان بخش تھی۔
جنوبی جرمنی میں قائم یونیورسٹی آف ٹیوبِنگن کے محققین یہ جاننے کے لیے بے تاب تھے کہ انسان عام طور پر اپنے سوچنے کی صلاحیت کو استعمال کرنے سے جھجھکتا کیوں ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ ان کی تحقیق میں تجربوں کے تسلسل سے یہ بات سامنے آئی کہ اگر لوگوں کو ان کے اذہان بھٹکانے کا موقع دیا جائے تو وہ اس سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ البتہ کچھ لوگ اس فعل کو محنت طلب سرگرمی سمجھتے ہیں۔
محققین نے یہ بھی بتایا کہ اپنے خیالات میں کھو جانے کا عمل مسائل کو حل کرنے، تخلیقی صلاحیت بڑھانے، تصور کرنے کی صلاحیت بڑھانے اور اپنی اہمیت کے خیال سے آشنا کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ان فوائد کے باوجود اکثر افراد اپنے خیال میں کھونے یا کھڑکی کے باہر کسی چیز کو بےمقصد تکنے کے بجائے اپنی توجہ میں خلل دیے جانے کو پسند کرتے ہیں۔ اسمارٹ فون اس کی واضح مثال ہے جو اس آزادنہ سوچنے کی عادت کو ختم کر رہا ہے۔

11/08/2022

ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ طرزِ زندگی کے بجائے ممکنہ طور پر حیاتیاتی فرق کی وجہ سے عورتوں کے مقابلے میں مردوں کو کینسر کا مرض لاحق ہونے کے خطرات زیادہ ہو سکتے ہیں۔
امیریکن کینسر سوسائٹی کے جرنل میں شائع ہونے والی یہ تحقیق نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کی رہنمائی میں کی گئی۔
تحقیق کی مصنفہ سارہ ایس جیکسن کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ہمارے نتائج یہ بتاتے ہیں کہ کینسر کے کیسز کو صرف ماحولیاتی اعتبار سے نہیں سمجھا جا سکتا بلکہ مردوں اور عورتوں میں کچھ بنیادی حیاتیاتی تفاریق ہیں جو کینسر کے خطرے سے دوچار کرتی ہیں
انہوں نے بتایا کہ کینسر میں جنسی تفریق کی وجوہات کا سمجھا جانا بیماری کے علاج اور اس سے بچاؤ کے لیے اہم معلومات فراہم کرسکتا ہے۔
مطالعے میں محققین نے میڈیکل ہسٹری کے ساتھ تمباکو نوشی وغیرہ جیسی عادات، باڈی ماس انڈیکس اور قد، جسمانی سگرمیوں، غذا اور ادویہ کے استعمال کی پیمائش کی جس میں مجموعی طور پر مردوں کو 21 اقسام کے کینسر لاحق ہونے کے خطرات زیادہ سامنے آئے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میں 1995 سے 2011 تک کی جانے والی تحقیق میں 50 سے 71 سال کی عمر کے درمیان 171247 مرد اور 122823 خواتین شامل تھیں۔
محققین کے مطابق سامنے آنے والے 26 ہزار693 کینسر کے کیسز میں 17 ہزار 951 کیسز مردوں کے اور 8 ہزار 742 کیسز خواتین کے تھے۔ صرف تھائرائیڈ اور پتے کے کینسر کے کیسز میں خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ تھی لیکن مردوں کے عورتوں کی نسبت دیگر کینسر کی اقسام میں مبتلا ہونے کے خطرات 1.3 سے 10.8 گُنا زیادہ تھے۔
تاہم، جنسی تفریق کے کینسر کا سبب بننے کی کیا وجوہات ہوتی ہیں اس کے متعلق کوئی واضح چیز سامنے نہیں آسکی اور محققین نے اس معاملے پر مزید مطالعات کرنے پر زور دیا ہے۔

11/08/2022

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا پمز اسپتال میں میڈیکل کروایا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ شہباز گل پر میڈیکل رپورٹ میں تشدد ثابت نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق تین رکنی میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کا طبی معائنہ کیا، شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ اسلام آباد پولیس کو بھجوا دی گئی ہے۔
چوہدری فیصل کی جانب سے شہباز گل پر پولیس حراست میں تشدد کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
اس سے قبل، پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے اسسٹنٹ اظہار پر پولیس کے ساتھ مزاحمت کرنے پر تھانہ آبپارہ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پولیس کانسٹیبل کی شرٹ پھاڑی اور ایک پولیس کانسٹیبل کا موبائل اور پرس بھی چھین لیا۔ قبل ازیں تھانہ کوہسار کی ٹیم نے ان کے گھر پر چھاپا مارا تھا۔

11/08/2022

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت خوف اور دہشت کے سہارے قبولیت حاصل کرنا چاہتی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ غیر ملکی سازش سے مسلط کی گئی امپورٹڈ حکومت پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد قبولیت حاصل کرنے کے لیے میڈیا اور عوام میں خوف اور دہشت کا سہارا لے رہی ہے لیکن یہ صرف ملک کو مزید غیر مستحکم کرنے ہی میں کامیاب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واحد حل شفاف اور آزاد انتخابات ہیں۔
ٹوئٹ میں عمران خان نے شہباز گل کے اسسٹنٹ اظہار کی اہلیہ کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ فاشسٹ حکومت کی جانب سے اغوا کیے جانے کا اقدام غیر قانونی ہے۔ اظہار یوسف کی اہلیہ جو خواتین تھانے میں قید ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اب کسی کے کوئی بنیادی حقوق نہیں رہے؟۔

05/08/2022

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے ضمنی الیکشن خود لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 9 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں ڈی نوٹی فائی کرنے کے بعد اُن نشستوں پر ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔
عمران خان نے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن خود لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ مذکورہ حلقوں میں ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو شیڈول ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کم از کم 8 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے اور ممکن ہے کہ وہ ایک نشست پر کاغذات جمع نہ کروائیں۔

02/08/2022

بلوچستان میں پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا جس میں سوار کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام 6 افسران و جوانوں کی شہادت کی تصدیق ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصرف پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا تھا جس میں 12 کور کے کمانڈر سمیت 6 افراد سوار تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو خراب موسم کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ کے علاقے وندر میں موسیٰ گوٹھ سے ملا۔ واقعے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 افسران اور سپاہی شہید ہوگئے جن میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بھی شامل ہیں۔

شہدا میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہٰ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں

Want your school to be the top-listed School/college in Aram Bagh?

Click here to claim your Sponsored Listing.

Location

Category

Telephone

Website

Address


Khadda
Aram Bagh