12/05/2026
دار العلوم محمدیہ کریمیہ ایبٹ آباد شہر میں اہلسنت کا ایک عظیم مرکز ہے جس میں دور دراز سے آئے ہوئے طلباء اپنی علمی و فکری پیاس بجھانے کے ساتھ ساتھ اصلاحِ قلبی کی روشنی سے بھی منور ہوتے ہیں۔
جامعہ ھذا کے مخلتف شعبہ جات ہیں جس میں علومِ دینیہ کی تعلیم و تدریس کا شعبہ درس نظامی ہے جسکا الحاق پاکستان کی مایہ ناز درسگاہ دار العلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف کے ساتھ ہے، دار العلوم محمدیہ غوثیہ کے ساتھ جتنی بھی برانچز منسلک ہیں انکے طلباء دورۂِ حدیث شریف کے لیئے سرزمینِ بھیرہ کا رخ کرتے ہیں جہاں شیوخ الاسلام و الحدیث "قال اللہ و قال الرسول" جیسے اقوال مقدسہ سے طلباء کو روشناس کرنے کے ساتھ ساتھ دینِ اسلام کی حقیقی روح سے آگاہ کرنے کا مقدس فریضہ سر انجام دیتے ہیں۔
دار العلوم محمدیہ کریمیہ سے ہر سال چند طلباء دورۂِ حدیث شریف کرنے کے لیئے بھیرہ روانہ ہوتے ہیں جہاں سے وہ سندِ فراغت حاصل کر کے حسبِ استعداد دینِ متین کی سربلندی کی خاطر سر گرداں ہوجاتے ہیں۔
اس سال بھی چار طلبا "محمد عزیر، جمیل تاج، پیرزادہ نعمان اور حسنین جاوید تحصیلِ علم حدیث کے لیئے روانہ ہو رہے ہیں، گزشتہ روز مذکورہ طلباء کی جامعہ ھذا سے تکمیلِ تعلیم اور بھیرہ شریف روانگی کی خوشی میں تقریب اہتمام کیا گیا جس میں پرنسپل مفتی عبد البصیر رازی صاحب اور تمام شعبہ جات کے اساتذہ کرام نے شرکت کی، خوش نصیب طلباء کو مبارکباد دی اور قیمتی نصیحتوں سے نوازا، اللہ رب العزت اِن طلباء کو علمِ دین میں رسوخ عطا فرمائے، اور دین کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین!
راقم الحروف
سید حسنین شاہ