28/07/2026
سر اشفاق عباسی صاحب وادئ پھلہ
سر اشفاق عباسی گزشتہ کئی دہائیوں سے بطور استاد نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں مصروفِ عمل ہیں، اور آج بھی گورنمنٹ ہائی سکول گھمبیر میں اسی جذبے، خلوص اور لگن کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آپ نے صرف نصابی تعلیم ہی نہیں دی بلکہ اپنے شاگردوں کی اخلاقی تربیت، کردار سازی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
سر اشفاق عباسی صاحب کی شخصیت محبت، امن، اخوت، برداشت اور دوسروں کے احساس سے مزین ہے، اور یہی خوبیاں ان کے شاگردوں کے کردار میں بھی نمایاں طور پر نظر آتی ہیں۔ آپ کے سینکڑوں شاگرد ملک اور بیرونِ ملک مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور اپنی صلاحیتوں سے معاشرے اور دنیا کو روشن کر رہے ہیں، جو کسی بھی استاد کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔
سر اشفاق عباسی نہ صرف ایک بہترین استاد ہیں بلکہ ایک مثالی بیٹے، شفیق بھائی، مخلص رشتہ دار، ذمہ دار والد اور معاشرے کی ایک باوقار و مثبت شخصیت بھی ہیں۔ آپ نے اپنے والد کے شانہ بشانہ اپنے بہن بھائیوں کی اعلیٰ تعلیم و تربیت میں بھرپور کردار ادا کیا۔ اسی محنت اور رہنمائی کا نتیجہ ہے کہ آپ کے سات بہن بھائی اعلی تعلیم یافتہ ھیں اور ھر ایک کو اللہ پاک نے اپنے اپنے شعبے میں بہت عزت سے نوازا ھے
سر اشفاق عباسی ایک شفیق اور مثالی والد بھی ہیں۔ آپ نے اپنی اولاد کی بہترین تعلیم و تربیت کی، جس کا ثمر ان کی کامیابیاں ہیں۔ آپ کی صاحبزادی نے حال ہی میں یونیورسٹی آف ہری پور سے بی ایس باٹنی کی ڈگری امتیازی حیثیت سے حاصل کی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے شاہین پبلک سکول گھمبیر سے میٹرک میں سنٹر ٹاپ کیا، ایف ایس سی میں دخترانِ اسلام مری میں پہلی پوزیشن حاصل کی، اور اپنی مسلسل محنت سے اعلیٰ تعلیمی کامیابیوں کی روشن مثال قائم کی۔
آپ کے صاحبزادے علی شیر عباسی اس وقت (AUST) یونیورسٹی میں سافٹ ویئر انجینئرنگ کے پانچویں سمسٹر کے طالب علم ہیں۔ انہوں نے بھی میٹرک میں اپنے سکول میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے والدین کا نام روشن کیا۔ جبکہ سب سے چھوٹے صاحبزادے، ابوبکر عباسی، نے حال ہی میں میٹرک کا امتحان دیا ہے اور ان کے نتائج کا انتظار ہے۔
مختصراً، سر اشفاق عباسی ہمارے معاشرے کا ایک قیمتی سرمایہ، ایک مخلص معلم، بہترین انسان اور قابلِ تقلید شخصیت ہیں۔ ان کی پوری زندگی خدمتِ علم، کردار سازی اور انسان دوستی سے عبارت ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، خوشی، عزت اور درازیٔ عمر عطا فرمائے، ان کا سایہ ہمیشہ ہم سب پر قائم و دائم رکھے، اور انہیں دنیا و آخرت کی بے شمار کامیابیوں سے نوازے۔
آمین یا رب العالمین۔
ا