28/02/2025
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق شہید کے فرزند جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت
28 فروری (اکوڑہ خٹک ) جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکے کے نتیجہ میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق شہید کے فرزند جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت واقع ہوئی۔ ابتدائی تفصیلات کے مطابق نماز جمعہ کے بعد دو بجے مسجد کے دروزاے پر دھماکہ ہوا جس میں پانچ افراد شہادت پاگئے۔ دارالعلوم حقانیہ جیسے عظیم دینی و علمی مرکز جہاں ہزاروں لوگ تعلیم پاتے ہیں اور اس وقت سالانہ تعطیلات کی بناء پر محدود طلباء تفسیر و حفظ کی تعلیم پانے میں مصروف عمل ہیں۔علاقہ بھر کے سینکڑوں لوگ یہاں نماز پڑھنے کے لئے آتے ہیں، مولانا حامد الحق حقانی کی رہائش گاہ کے سامنے والے مسجد دروزاے پر جب وہ نماز پڑھ کر نکل رہے تھے اس دوران دھماکہ ہوا ،دھماکہ انتہائی شدید تھا جس سے خوفناک آواز علاقہ بھر میں سنی گئی ۔دیگر شہداء اور مزید تفصیلات وتحقیقات کے بعد ہی بتائی جاسکتی ہیں۔ دریں اثناء دارالعلوم حقانیہ کے مشائخ و اساتذہ مہتمم شیخ الحدیث مولانا انوارالحق ،مولانا حامد الحق حقانی کے فرزند مولانا عبدالحق ثانی ،ان کے بھائی مولانا راشد الحق ،مولانا اسامہ سمیع ،مولانا خزیمہ سمیع اور چچازاد بھائی مولانا عرفان الحق ،مولانا سلمان الحق ، مولانا لقمان الحق ،مولانا بلال الحق وغیرہ نے اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مجرموں کو فوری قرار واقعی سزا دلانے پر زور دیا۔ مولاناسمیع الحق کے خانوادے اور دارالعلوم حقانیہ کے جملہ اساتذہ و اراکین کے مشورے سے جنازہ کل صبح 11بجے اکوڑہ خٹک میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اوران کی تدفین مولاناسمیع الحق شہید کے پہلو اور اپنی والدہ کے قدموں میں کی جائے گی ۔ اللہ تعالیٰ نے مرحوم کو شہادت کی خلعت فاخرہ عطا فرمائی۔ اللھم تقبل منا وعن جمیع المسلمین آمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ علیہ وسلم
14/09/2021