Farooque Azam Mazahiri

Farooque Azam Mazahiri

Share

Public figure

03/08/2026

🌹

**غیرت مند ہاتھی**

بادشاہ بہادر شاہ ظفر خاندانِ مغلیہ کے آخری بادشاہ تھے۔ ان کی عمر کا آخری حصہ بڑا دردناک رہا۔ انگریزوں نے انہیں گرفتار کیا، ان کے سامنے ان کے عزیز قتل کیے گئے، انہیں قید و بند کی تاریکیوں اور صعوبتوں میں پھینک ڈالا۔ وہ اردو کے اچھے شاعر بھی تھے، انہوں نے قید و بند کے عرصے میں بڑی دردناک غزلیں کہی ہیں۔ ان کے دکھ بھرے اشعار کا نمونہ ملاحظہ ہو، سنا ہے یہ اشعار ان کی لوحِ تربت پر بھی ثبت ہیں:

میرا رنگ و روپ بگڑ گیا، میرا یار مجھ سے بچھڑ گیا
جو چمن خزاں سے اجڑ گیا، میں اس کی فصلِ بہار ہوں
میری فاتحہ کے لیے کوئی آئے کیوں، کوئی چار پھول چڑھائے کیوں
کوئی آ کے شمع جلائے کیوں، میں وہ بے کسی کا مزار ہوں

ان کے داروغۂ ماہی مراتب ظہیر دہلوی نے اپنی آپ بیتی "داستانِ غدر" کے نام سے لکھی ہے۔ اس میں انہوں نے بہادر شاہ ظفر کے مشہور ہاتھی مولا بخش کا یہ حیرت انگیز واقعہ لکھا ہے کہ:

مولا بخش ایک قدیم معمر ہاتھی تھا۔ اس نے کئی بادشاہوں کو سواری دی تھی۔ اس ہاتھی کی عادتیں بالکل انسان کی طرح تھیں۔ قد و قامت میں ایسا بلند و بالا ہاتھی ہندوستان کی سرزمین میں نہ تھا اور نہ اب ہے۔ یہ ہاتھی بیٹھا ہوا بھی دوسرے کھڑے ہاتھیوں کے قد کے برابر ہوتا تھا۔ خوب صورتی میں اپنا جواب نہ رکھتا تھا۔ کسی آدمی کو، سوائے ایک خدمتگار کے، پاس نہ آنے دیتا تھا۔ جس دن بادشاہ کی سواری ہوتی تھی اس سے ایک دن پیشتر شاہی چوبدار جا کر حکم سنا دیتا تھا کہ: میاں مولا بخش! کل تمہاری نوکری ہے، ہوشیار ہو جاؤ، نہا دھو کر تیار ہو۔ جس وقت بادشاہ نقار خانے کے دروازے سے برآمد ہوتے تو یہ چیخ مار کر تین سلام دیتا اور خود ہی بیٹھ جاتا۔ جس وقت تک بادشاہ سوار نہ ہو لیں اور خواص نہ بیٹھ جائیں، ذرا مال نہ کر جنبش کر جاتا۔ جب بادشاہ سوار ہو لیتے اور فوجدار اشارہ کرتا، فوراً کھڑا ہو جاتا۔ مختصر یہ کہ جب سواری سے فرصت پاتا پھر ویسا ہی مست ہوتا جیسا تھا۔ یہ بات وہ سمجھ گیا تھا (یعنی اپنی حیثیت پہچانتا تھا)۔

یہ کمال اس ہاتھی کو حاصل تھا۔ جب فیل خانۂ شاہی پر انگریزوں کا قبضہ ہو گیا تو مولا بخش نے دانہ پانی چھوڑ دیا۔ فیل بان نے جا کر سانڈرس صاحب کو اطلاع دی کہ ہاتھی نے کھانا پینا چھوڑ دیا ہے۔ سانڈرس صاحب کو یقین نہ آیا، فیل بان کو گالیاں دیں اور کہا: چلو، خود کھلوائیں گے۔ وہ پانچ روپے کے لڈو اور کچھ کچوریاں ہمراہ لے کر ہاتھی کے پاس پہنچے اور شیرینی کا ٹوکرا ہاتھی کے آگے رکھ دیا۔ ہاتھی نے جھلا کر ٹوکرے کو اس زور سے سونڈ مار کر پھینکا کہ اگر کسی آدمی کو لگتا تو کام تمام ہو جاتا۔ ٹوکرا دور جا گرا اور تمام شیرینی بکھر گئی۔ سانڈرس صاحب نے کہا: ہاتھی پاگل ہے، اسے نیلام کر دو۔ چنانچہ اسی روز صدر بازار میں لا کر کھڑا کیا گیا اور نیلامی کی بولی بولی، کوئی خریدار نہ ہوا۔ ایک پنساری نے ڈھائی روپے کی بولی دی۔ اسی بولی پر صاحب نے نیلام ختم کر دیا۔ فیل بان نے ہاتھی سے کہا:

"بھائی! تمام عمر تو نے بادشاہوں کی نوکری کی، اب تقدیر پھوٹ گئی کہ ہلدی بیچنے والے کے دروازے پر چلنا پڑا۔"

یہ سنتے ہی ہاتھی کھڑے قد سے زمین پر گر پڑا اور جاں بحق ہو گیا۔

(کتاب ہیں چین اپنا"، ص:۱۶۲-۱۶۴)


🌸🌼♥️🤲🌹

26/07/2026

خواہش کہتی ہے: "ابھی..."
صبر کہتا ہے: "بہترین وقت پر..."

کبھی کبھی انسان رات بھر رو کر اللہ سے کہتا ہے:
"یا اللہ! میری دعا ابھی قبول کر دے..."
مگر آسمان سے خاموشی اترتی ہے... کیونکہ اللہ انکار نہیں کر رہا ہوتا، بلکہ تمہارے لیے اس دعا کو اس انداز سے سجا رہا ہوتا ہے جس کا تم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا۔

ہم صرف ایک دروازہ کھلنے کی دعا کرتے ہیں،
اللہ ہمارے لیے پوری دنیا کے راستے تیار کر رہا ہوتا ہے۔

حضرت یوسفؑ نے صرف قید سے نجات چاہی تھی، مگر صبر نے انہیں مصر کے تخت تک پہنچا دیا۔
حضرت ایوبؑ نے شفا مانگی، اللہ نے صحت کے ساتھ عزت، مال اور برکتیں بھی واپس عطا فرما دیں۔
حضرت مریمؑ تنہا تھیں، اللہ نے ان کی تنہائی کو اپنی رحمت سے بھر دیا، رزق بھی دیا، سہارا بھی دیا اور ایسا مقام عطا کیا کہ قیامت تک ان کا ذکر عزت سے ہوتا رہے گا۔

اگر آج تمہاری دعا دیر سے قبول ہو رہی ہے تو مایوس نہ ہونا۔
ممکن ہے اللہ تمہارے آنسو گن رہا ہو، تمہارے دل کو مضبوط بنا رہا ہو، تمہارے حق میں فیصلے لکھ رہا ہو، اور تمہارے لیے ایسی نعمتیں جمع کر رہا ہو جن کا تم نے کبھی خواب بھی نہیں دیکھا۔

یاد رکھو...
ہر تاخیر محرومی نہیں ہوتی،
کئی بار یہی تاخیر سب سے بڑی رحمت بن جاتی ہے۔

صبر آسان نہیں، مگر صبر کرنے والے کبھی خالی ہاتھ نہیں لوٹتے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

﴿إِنَّمَا يُوَفَّى الصَّابِرُونَ أَجْرَهُم بِغَيْرِ حِسَابٍ﴾
"بے شک صبر کرنے والوں کو ان کا اجر بے حساب دیا جائے گا۔" (الزمر: 10)

اس لیے اگر آج دل ٹوٹ رہا ہے تو سجدہ نہ چھوڑو،
اگر آنکھیں نم ہیں تو دعا نہ چھوڑو،
اگر راستے بند نظر آ رہے ہیں تو امید نہ چھوڑو۔

کیونکہ جب اللہ دیتا ہے تو صرف خواہش پوری نہیں کرتا...
بلکہ ایسی عطا کرتا ہے کہ انسان کی آنکھیں شکر کے آنسوؤں سے بھر جاتی ہیں۔

اللہ پر بھروسہ رکھو...
جو تمہارا مقدر ہے، وہ تم تک ضرور پہنچے گا،
اور جب پہنچے گا تو تم کہو گے:

"یا اللہ! اگر مجھے پہلے مل جاتا، تو شاید اتنا خوبصورت نہ ہوتا جتنا آج ہے۔"

25/07/2026

*صبر آسان نہیں ہوتا اسی لیے صبر کرنے والوں کو اجـر و ثواب دیا جاتا ہے*

Want your school to be the top-listed School/college in Supaul?

Click here to claim your Sponsored Listing.

Location

Website

Address


At Chapin Supaul
Supaul
854339