13/09/2025
ایسا نہ ہو کہ ہم ترس جائیں کہ بچے مسجد کیوں نہیں آتے!
از قلم ۔ محمد جیلانی نعیمی
میرے عزیزو! ذرا لمحہ بھر کو آنکھیں بند کر کے سوچئے… وہ مسجدیں جو کبھی بچوں کی ہنسی، شرارت اور بھاگنے دوڑنے کی آوازوں سے گونجتی تھیں، کیا آج ویسی ہی ہیں؟ کیا وہی منظر باقی ہیں کہ بچے دوڑتے ہوئے اذان پر مسجد کا رُخ کریں؟ نہیں! آج حال یہ ہے کہ مسجدوں کی صفیں بڑوں تک سے خالی ہو رہی ہیں اور بچے… بچے تو مسجد کا راستہ ہی بھولتے جا رہے ہیں۔
کچھ دن پہلے کی بات ہے، میں عشا کی نماز پڑھ رہا تھا۔ نماز کے دوران ایک بچے کے رونے کی آواز آئی۔ نماز میں تو خلل نہ پڑا مگر دل ٹوٹ سا گیا۔ دل سے یہ دعا نکلی کہ یا اللہ! ہمارے گھروں کے بچے تیرے گھروں میں آتے رہیں۔ کاش! ہماری مساجد ہمیشہ بچوں کی رونق سے آباد رہیں۔
یاد کیجیے! کچھ دہائیاں پہلے کے منظر… مسجد میں بچے ہنستے کھیلتے آتے تھے۔ بعض اوقات شرارت بھی کرتے تھے، بڑوں کو الجھن بھی ہوتی تھی، مگر اس سب کے باوجود مسجد کے ماحول میں بچوں کا ہونا باعثِ رحمت تھا۔ کیونکہ مسجد میں ان کا آنا ہی ان کے دلوں میں دین کی محبت اور اللہ کے گھر سے انسیت پیدا کرتا تھا۔
مگر آج… آج والدین خود بھی مسجد سے غافل ہیں اور اپنے بچوں کو بھی مسجد کا راستہ نہیں دکھاتے۔ بچے گھنٹوں موبائل، ٹی وی اور کھیل کود میں لگے رہتے ہیں مگر مسجد کے منبر و محراب انہیں اپنی طرف نہیں کھینچتے۔ کیا یہ لمحۂ فکریہ نہیں ہے؟
مولانا علی میاں ندوی رحمہ اللہ نے فرمایا تھا:
“اگر مساجد میں بچوں کی آوازیں نہ آئیں تو ہمیں اپنی آنے والی نسل کے لیے فکر مند ہونا چاہیے۔”
بھائیو! یہ الفاظ معمولی نہیں، یہ صدیوں کی بصیرت ہیں۔ اگر آج ہم نے اپنے بچوں کو مسجد سے نہ جوڑا تو کل ہماری نسلیں مسجد کو اجنبی سمجھیں گی۔ پھر وہ وقت آئے گا کہ مسجدیں ویران ہو جائیں گی اور ہم ترس کر کہیں گے:
“کاش! ہم نے بچپن ہی سے اپنے بچوں کو مسجد سے جوڑ دیا ہوتا۔”
یاد رکھو! اگر ہم نے اپنے بچوں کو مسجد اور قرآن سے جوڑ دیا تو یہی بچے کل ایمان کے چراغ بنیں گے، انہی کے سینوں میں نماز کی روشنی ہوگی، انہی کی دعاؤں سے ہمارے گھروں میں برکت اترے گی۔ لیکن اگر ہم نے انہیں دنیا کے کھیل تماشوں اور غفلتوں کے حوالے کر دیا تو یہ محرومی ہمارے حصے میں آئے گی۔
اے اللہ! ہمیں اور ہماری آنے والی نسلوں کو مسجد، قرآن اور دین سے جوڑ دے۔ ہمیں وہ توفیق عطا فرما کہ ہم اپنے گھروں کے ننھے منے چراغوں کو تیرے گھروں تک لے کر جائیں تاکہ تیری مسجدیں ہمیشہ آباد رہیں۔ آمین یا رب العالمین۔