02/04/2022
پریس ریلیز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مدارس اور اسکول کے بچوں میں اختلاط ضروری ہے: مولانا خطیب الرحمن ندوی
معروفی ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کوچنگ سینٹر میں طلبا کی اختتامی تقریب کا اہتمام
پورہ معروف مئو: اللہ نے ہر انسان کے اندر کوئی نہ کوئی خوبیاں اور صلاحیتیں رکھی ہیں٬ وہ خوبیاں تبھی ابھریں گی٬ جب ہم کسی مقصد کے تحت اس پر محنت کریں گے۔ موجودہ وقت میں ہمیں عصری تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا خطیب الرحمن ندوی استاذ جامعہ اسلامیہ مظفر پور اعظم گڑھ نے معروفی ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کوچنگ سینٹر میں منعقدہ طلبا کی اختتامی تقریب میں کیا۔
انہوں نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ تعلیمی میدان ہیں٬ تو خوب محنت کریں٬ اس لیے کہ جو بھی انسان کوششیں کرتا ہے٬ تو اس کا پھل ضرور ملتا ہے۔ آپ انگریزی تعلیم حاصل کر رہے ہیں تو روزانہ انگریزی کی کتاب یا اخبار کا مطالعہ کریں٬ ایک ایک چیز دس دس بیس بیس بار پڑھیں٬ جب آپ کلاس میں آئیں تو صرف اور صرف انگیریزی میں ہی گفتگو کریں۔ اس طرح آپ ایک باصلاحیت انسان بن جائیں گے٬ پھر جب آپ کہیں لیکچر دیں گے تو لوگ آپ سے متاثر اور مستفید ہوں گے٬ ایسے ہی محنت ولگن سے تعلیم حاصل کرکے آپ اپنے والدین کا خواب شرمندہ تعبیر کریں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اور اسکول کے بچوں میں اختلاط ضروری ہے۔ ہمارے معاشرے میں تعلیم کا ایسا نظام اور ماحول ہونا چاہئے٬ جس کے ذریعہ ہماری نئی نسل بہترین انگریزی جاننے والی ہو۔
ابوہریرہ یوسفی نے کہا کہ آج کا دور ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ آج ہمیں قدم قدم پر انگریزی کی ضرورت محسوس ہورہی ہے٬ اگر ہم اب بھی عصری تعلیم پر توجہ نہیں دیں گے٬ تو ہمارے لیے ترقی کی راہ مشکل ہو جائے گی٬ اس دور میں آن لائن روزگار اور کاروبار کے بہت سارے مواقع ہیں٬ اس دور میں ہم گھر بیٹھے اپنا بزنس کر سکتے ہیں٬ مگر ان سب کام کے لیے ہمیں بہرصورت انگریزی کی معلومات ضروری ہے۔ اس میدان میں ہمارا انگریزی کے بغیر کوئی کام نہیں ہوگا۔ اگر ہم آن لائن عربی٬ اردو٬ فارسی یا کسی بھی زبان میں کام کرنا چاہتے ہیں٬ تو اس کے ساتھ انگریزی بھی لازم ہے۔ ابوہریرہ یوسفی نے معروفی ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کوچنگ سینٹر کے طلبا کی انگریزی میں تقریری صلاحیت کو دیکھ کر خوشی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہون نے فاؤنڈیشن کے چیئرمین شمیم مشتاق معروفی کی جدو جہد اور کوچنگ کے اساتذہ مولانا محمد قاسم اور مولانا واصف عمیر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
مولانا نفیس رمضان معروفی اور مولانا عبدالصمد نے بھی طلبا کی محنتوں اور صلاحیتوں کو دیکھ کر مبارکباد دی۔
مذکورہ تقریب کا آغاز سہیل عبداللہ کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا٬ محمد یونس نے نعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔ کوچنگ سینٹر کے طلبا ابوحذیفہ٬ ابوہاشم٬ محمد قاسم٬ محمد یونس٬ عبدالمطلب٬ امیر حمزہ وغیرہم نے انگریزی میں تقریریں کیں اور دیگر طلبا نے انگریزی میں تعارف کرایا۔