01/08/2026
قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی وہ ابدی نعمت ہے جو دلوں کو ایمان کی حرارت کردار کو پاکیزگی اور زندگی کو ہدایت عطا کرتی ہے اسی لیے قرآن مجید کی تعلیم حفظ اور تجوید کی محفلیں درحقیقت ایمان افروز اور امت کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوتی ہیں۔
اسی مبارک جذبے کے تحت کلیۃ البنات المسلمات انتری بازار شہرت گڑھ ضلع سدھارتھ نگر یو،پی کے زیر اہتمام طالبات کے مابین حفظ قرآن کریم (پارہ عم) کا بابرکت مسابقہ نہایت منظم پُروقار اور روح پرور ماحول میں منعقد ہوا اس مسابقے کا مقصد طالبات میں حفظ قرآن کا شوق بیدار کرنا تجوید کے ساتھ تلاوت کی عادت پروان چڑھانا اور قرآن و سنت سے مضبوط وابستگی پیدا کرنا تھا۔
مسابقے میں 117 طالبات نے نہایت ذوق و شوق کے ساتھ شرکت کی اور اپنے حفظ تجوید اور حسن قراءت کا قابل تحسین مظاہرہ کیا جو ان کی محنت اساتذہ کرام کی مخلصانہ تربیت اور ادارے کی علمی و دینی خدمات کا روشن ثبوت تھا۔
تقریب کی نظامت فضیلۃ الشیخ مولانا مجیب الرحمن سراجی حفظہ اللہ نے نہایت شائستگی حسن ترتیب اور دلنشیں انداز میں انجام دی جبکہ حکم کی ذمہ داریاں فضیلۃ الشیخ مولانا شکیل شمس مکی حفظہ اللہ فضیلۃ الشیخ مولانا مجیب الرحمن سراجی حفظہ اللہ اور فضیلۃ الشیخ مولانا عبدالآخر سلفی حفظہ اللہ نے عدل و دیانت کے ساتھ نبھائیں۔
اس موقع پر فضیلۃ الشیخ مولانا شکیل شمس مکی حفظہ اللہ اور فضیلۃ الشیخ مولانا پرویز یعقوب مدنی حفظہ اللہ نے قرآن کریم کی عظمت حفظ قرآن کی فضیلت تجوید کی اہمیت اور قرآن و سنت سے مضبوط تعلق کے موضوع پر نہایت مؤثر اور فکر انگیز بیانات فرمائے جن سے حاضرین خصوصاً طالبات نے بھرپور استفادہ کیا۔
تقریب میں فضیلۃ الشیخ مولانا عبد السمیع سلفی حفظہ اللہ (ناظم و بانی ادارہ) مولانا نعیم الدین عظیمی مولانا عبدالغنی سراجی مولانا الطاف الرحمن رحیمی مولانا عبدالحسیب ریاضی اور مولانا عبدالحی عالیاوی حفظہم اللہ کی شرکت ادارے کے لیے باعث سعادت رہی۔